کراچی7 دسمبر، 2023پی سی بی میڈیا ریلیز
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں پشاور، کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد نے کامیابی حاصل کرلی۔ آج کا آخری میچ سیالکوٹ اور لاہور بلوز کے درمیان نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔پشاور کی یہ مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔
راولپنڈی کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں صرف 107 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کپتان عمرامین 31 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عمران نے صرف 16 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔نیاز خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پشاور نے 13.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
صاحبزادہ فرحان نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے47 رنز اسکور کیے۔
افتخار احمد 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
محمد عمران کو ان کی شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
این بی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی وائٹس نے فاٹا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فاٹا کی ٹیم 8 وکٹوں پر139 رنز بناسکی۔ کاشف نور نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے32 رنز بنائے۔
لیگ اسپنر عارف یعقوب نے25 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔دانش عزیز نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ عمیربن یوسف نے تین کیچز کیے۔
جواب میں کراچی وائٹس نے 19 اوورز میں2 وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
عماد عالم نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔خرم منظور نے چھ چوکوں کی مدد سے49 رنز اسکور کیے۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105رنز کا اضافہ کیا۔
اعظم خان کے23 رنز ناٹ آؤٹ میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
عارف یعقوب نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد نے لاہور وائٹس کو22 رنز سے ہرادیا۔
ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 205 رنز بنائے۔ فخرزمان کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سجادعلی اور کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 166 رنز کا اضافہ کیا۔ سجاد علی نے 51 گیندوں پر 90 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
کامران غلام نے 47گیندوں پر7 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے87 رنز بنائے۔
عامرخان نے35 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں لاہور وائٹس 8 وکٹوں پر183 رنز بناسکی۔
محمد فائق نے 35گیندوں پر 63 رنز بنائے جس میں 12 چوکے شامل تھے۔ سعد نسیم نے4 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔
شہاب نے 33 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عادل ناز اور فیاض خان کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
سجاد علی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔