ڈھاکا،کرک اگین رپورٹ
پاکستان نے ڈھاکا میں تاریخ رقم کردی،آخری روز 13 وکٹیں اڑانے والی پہلی ٹیم بنی،اسپنر ساجد خان پاکستان کے پہلے ایسے آف اسپنر بنے جنہوں نے 12 وکٹیں لیں۔ساجد خان پلیئر آف دی میچ اور عابد علی پلیئر آف دی سیریز قرار پائے ہیں۔
پاکستان نے آخرکار بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا ٹیسٹ جیت لیا،اننگ اور 8 رنزکی کامیابی بظاہر یکطرفہ لیکن اعصاب شکن ہی رہی ہے۔آخری لمحات میں میچ ڈرا ہورہا تھا۔میزبان بیٹرز نے دوسری اننگ میں زبردست مزاحمت کرکے ٹیسٹ کرکٹ کے حسن کو جگادیا۔آخری لمحات میں بنگلہ دیش کو میچ ڈرا ہوتا لگ رہا تھا لیکن 11 اوورز قبل ساجد خان نے 9 ویں وکٹ اپنے نام کرکے ان کی امیدیں پھر سے پست کردیں۔
بدھ کو بنگلہ دیش نے پہلی اننگ 76 رنز 7 وکٹ سے شروع کی اور ٹیم 87پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستانی اسپنر ساجد خان نے 8 کھلاڑی آئوٹ کئے۔پاکستان نے بنگلہ دیش کو فالو آن پر مجبور کردیا۔
دوسری اننگ کا آغاز بھی نہایت تباہ کن تھا جب بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں صرف 25 پر گر گئیں،تب ایسا لگا کہ جیسے فتح منٹ کی بات ہو،یہاں سے بنگلہ ٹائیگرز نے گیر بدلا اور پاکستان کو بیک فٹ پر دھکیل کر رکھ دیا۔مشفیق الرحیم کے 48،لٹن داس کے 45 اور سب سے بڑھ کر شکیب الحسن کی 63 رنزکی اننگ نے تو قریب میچ ختم ہی کردیا تھا،صاف لگ رہا تھا کہ میچ ڈرا کی جانب جارہا ہے۔
پاکستان کو آخری 4 وکٹیں 15 سے 16 اوورز میں درکار تھیں،شام کے سائے بھی گہرے ہورہے تھے کہ ایسے میں بابر اعظم تک نے بھی ایک وکٹ لے لی۔ساجد خان کی 3 قیمتی وکٹیں اہم تھیں۔حسن علی نے بھی اہم موقع پر کام کیا۔
آخری پیئر نے بھی 2 اوورز کھیل لئے تو پھر میچ میں سنسنی خیزی بڑھنی لگی۔کھیل ختم ہونے سے 5 اوورز قبل ساجد خان کی بال پر لیفٹ ہینڈر کو امپائر نے ایل بی دے دیا،ریویو کا اعصاب شکن لمحہ آیا اور آئوٹ قرار پائے۔
پاکستان اننگ کی جیت کی جانب ،بنگلہ دیش کے دوسری اننگ میں بھی 3 آئوٹ
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں شاہین اور حسن نے 2،2 آئوٹ کئےبابر اعظم نے ایک وکٹ لی۔ساجد خان نے 4کھلاڑی آئوٹ کئے۔
میچ کی سمری یہ رہی ہے کہ بارش کے سبب پاکستان کی پہلی اننگ چوتھے روز کے آدھے وقت سے بھی زیادہ ٹائم چلی،اننگ 300 رنز 4 وکٹ پر ڈکلیئر کی۔فواد عالم،رضوان،بابر اعظم اور اظہر علی نے ففٹیز بنائیں۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگ میں 87 اور دوسری اننگ میں 205رنز پر ڈھیر ہوئی۔ساجد خان نے میچ میں128 رنزکے عوض 12 وکٹیں لیں۔پاکستان اننگ اور8 رنز سے جیت گیا۔
پاکستان نے یہ سیریز 0-2 سے اپنے نام کی ہے۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قیمتی پوائنٹس اپنے نام کئے۔