لاہور،ٹی وی رپورٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کے حوالہ سے رات گئے چلنے والی خبروں سے ان کے مداح نہایت پریشان سے ہوگئے۔خبر ہی ایسی تھی کہ انضمام الحق کو ہارٹ اٹیک ہوگیا۔لاہور کے نجی ہسپتال میں ان کے دل میں سٹنٹ ڈالے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔انضمام کو دل کی تکلیف ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ڈاکٹرزنے ہر ضروری چیک اپ کے بعد سٹنٹ ڈٖالا اور اب ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔
پاکستان کرکٹ میں انضمام الحق کا قد کاٹھ بڑا ہے۔وہ 1992 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے فعال رکن رہے،انہوں نے سیمی فائنل اور فائنلز میں میچ وننگ اننگز کھیلی تھیں۔یہی نہیں اس کے بعد وہ قومی ٹیم کے لازمی جزورہے۔پھر اس صدی کے آوائل میں انہیں اس وقت کپتانی ملی جب قومی ٹیم ورلڈ کپ 2003میں ہارگئی۔یہی نہیں اس کے بعد راشد لطیف کی معطلی ہوئی اور پھر کپتانی انضمام الحق کے پاس آئی،انضمام نے 4 سال کپتانی کی۔
پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق پھر چیف سلیکٹربنائے گئے اور انہوں نے 2016 سے 2019 تک اس عہدے پر کام کیا،ان دنوں وہ اپنے یو ٹیوب چینل پر کرکٹ تبصرے کر رہے تھے۔
کرکٹ مداحوں نے انضمام کی بیماری پر تشویش ظاہر کی ہے اور ان کی صحت یابی کی دعائیں کی ہیں اور یہ خواہش بھی کی ہے کہ وہ جلد از جلد ٹھیک ہوجائیں تاکہ ان کے تبصرے سنے جاسکیں۔