دبئی،کرک اگین رپورٹ
انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف فتح کے بعد اب ایونٹ کے جیتنے کی امیدیں ہوئی ہیں۔یہ الگ بات ہے کہ تاریخ کے 9 ویں ایونٹ میں پاکستان گزشتہ اچھے ریکارڈ کے ساتھ نہیں ہے۔بھارت 6 بار اکیلا،ایک بار پاکستان کے ساتھ مشترکہ چیمپئن بن چکا ہے۔افغانستان ایک بار بنا تھا،اس طرح تنہا پاکستان کبھی بھی یہ ایونٹ نہیں جیتا ہے۔اس بار جیت کی امیدیں روشن ہوگئی ہیں۔
انڈر 19 ایشیا کپ،پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری بال پر شکست دے دی
سب سے قبل یہ دیکھتے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں کس کے مقابل آسکتا ہے۔پاکستان گروپ اے میں ہے۔اس نے افغانستان اور بھارت کو شکست دے دی ہے،اس کاآخری میچ کمزور حریف یو اے ای سے ہونا ہے جو 27 دسمبر کو شیڈول ہے۔4 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت گروپ میں پہلی پوزیشن ہے۔امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستان اپنے آخری میچ میں متحدہ عرب امارات کو ہرادے گا۔اس طرح گروپ میں نمبر ون کے طور پر سیمی فائنل میں جائے گا۔اس گروپ میں ایک سیٹ کے 2 امیدوار ہیں۔افغانستان اور بھارت نے 1،1 میچ جیت کر 2،2 پوائنٹس لے رکھے ہیں۔چوتھی ٹیم یو اے ای دونوں میچز ہار کر سیمی فائنل سے باہر ہے۔اب یہاں افغانستان اور بھارت کا میچ سیمی فائنل سے قبل سیمی فائنل کی شکل اختیار کرگیا ہے۔جو ٹیم جیتے گی،وہ سیمی فائنل کھیلے گی،جو ہارے گی،گھر جائے گی۔
گروپ بی میں بنگلہ دیش 2 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے لیکن سری لنکا نے ایک میچ کھیلا ہے،اس کے 2 پوائنٹس ہیں۔کویت کی ٹیم دونوں میچز ہارچکی ہے۔نیپالی ٹیم ایک میچ کھیلی،ایک ہی ہاری ہے۔یہاں گروپ بی میں سری لنکن ٹیم اپنا دوسرا میچ آج نیپالی ٹیم سے کھیلے گی،جیت کے امکانات روشن ہیں،اس طرح اس کے بھی بنگلہ دیش کے برابر 4 پوائنٹس ہوجائیں گے۔اس طرح 28 دسمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ گروپ پوزیشن کا کوارٹر فائنل بن جائے گا،جو جیتے گا نمبر ون پر رہے گا،جوہارے گا،وہ نمبر 2 پر ہوگا۔
اب تک کی کارکردگی کی روشنی میں پاکستان گروپ 1 سے اور سری لنکا گروپ 2 سے ٹاپ کرسکتا ہے۔اس صورت میں پاکستان کا سیمی فائنل بنگلہ دیش سے ہوگا،اگر بنگلہ دیش نے سر ی لنکا کو ہرادیا تو پاکستان کے مقابل سری لنکا سیمی فائنل میں ہوگا۔دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش یا سری لنکا میں سے ایک افغانستان یا بھارت میں سے کسی ایک کے سامنے ہوگا۔بظاہر پاکستان اور بھارت اپنے اپنے سیمی فائنل میں فیورٹ ہونگے تو پھر پاک بھارت فائنل کا امکان ہوجائے گا۔یہ ایک اور بڑا شو بن جائے گا۔