ویلنگٹن ۔کرک اگین رپورٹ۔
ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا۔ 720 رنز بنا کر بھی بھارت کا سرنڈر، نیوزی لینڈ نے رقم کی نئی تاریخ۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ وہ ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اگر یہ کہا جائے کہ نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے تو بے جا نہ ہوگا، اور ساتھ ہی اگر یہ بھی کہا جائے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے بزدلی اور سرنڈر کی جو مثال قائم کی ہے، وہ بھی سالوں یاد رکھی جائے گی۔ کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہو گیا ہے۔آپ نے بالکل درست پڑھا، ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہو گیا۔
آخری روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو جیتنے نہیں دیا، لیکن حیرت انگیز طور پر بھارتی کھلاڑی اس قدر مایوس ہوئے کہ دن کے 15 لازمی اوورز باقی رہتے ہوئے ہی سرنڈر کر گئے۔ کھیل کے اختتام سے 15 اوورز قبل بھارتی کھلاڑیوں نے کیوی بیٹرز سے ہاتھ ملایا، جو اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ ہمیں جانے دو، ہم نے اور نہیں کھیلنا۔حالانکہ ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہی یہ ہے کہ کوئی ایک اوور ایک یا دو وکٹیں دلوا دے تو پھر وکٹوں کی لائن لگ جاتی ہے، اور نیوزی لینڈ کے ٹیل اینڈرز کی باری شروع ہونے ہی والی تھی کہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہمت جواب دے گئی۔ یہ بھی کرکٹ کی تاریخ کی ایک انوکھی مثال ہوگی کہ ایک ٹیم (بھارت) نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 720 رنز کا ریکارڈ اسکور بنایا اور پھر بھی میچ نہ جیت سکی۔
پانچویں روز میدان میں کیا ہوا۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں بتاتی ہیں کہ کھیل کے آخری روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 119 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو اس کی تیسری وکٹ جلد گر گئی۔ ابھی اسکور 132 ہی تھا کہ سیٹ بیٹر ڈیون کونوے 165 گیندوں پر 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کو چوتھی کامیابی محض سات رنز کے اضافے سے ملی جب راچن رویندرا 129 گیندوں پر 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ یہ پانچویں دن بھارت کی شاندار شروعات تھی۔
بھارت کو پانچویں کامیابی بھی زیادہ تاخیر سے نہیں ملی اور 77ویں اوور میں 176 کے مجموعی اسکور پر ٹام بلنڈل 54 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ یہاں سے کھیل میں پہلی اننگز کے سنچری میکر گلین فلپس آئے اور انہوں نے ڈیرل مچل کو جوائن کیا۔
43 اوورز کی چٹان جیسی شراکت
اب آپ اندازہ لگائیں کہ ان دونوں بیٹرز نے 43 اوورز کی طویل شراکت قائم کی اور صرف 63 رنز جوڑے۔ گلین فلپس نے 126 گیندیں کھیل کر محض 26 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ڈیرل مچل نے 186 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ اگر ان دونوں کی گیندوں کو جمع کیا جائے تو یہ تقریباً 45 اوورز کے قریب بنتے ہیں۔
جب نیوزی لینڈ کا اسکور 5 وکٹوں پر 239 رنز تھا، اننگ کے مجموعی 120 اوورز اور دن کے 75 اوورز مکمل ہوئے تھے، تو کھیل کے 15 لازمی اوورز ابھی باقی تھے کہ بھارتی گیند باز اور کپتان سرنڈر کر گئے اور یوں یہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا۔
ریکارڈ اسکور اور 8 بولرز کا استعمال بھی بے سود
اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 720 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، جو نیوزی لینڈ میں بھارت کا سب سے بڑا جبکہ مجموعی ٹیسٹ تاریخ کا تیسرا بڑا اسکور تھا۔ اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ آخری دن یہ شراکت توڑنے کے لیے بھارت نے اپنے 11 میں سے 8 بولرز آزما لیے، لیکن اس کے باوجود کامیابی نہیں ملی۔
سوشل میڈیا پر بھارتی حامی نیوزی لینڈ کی سست بیٹنگ کو تنقید کا ہدف بنا رہے ہیں، لیکن کرکٹ کے ممتاز اور غیر جانبدار تجزیہ کار اسے بھارت کی ناکامی، بزدلی اور آخری گیند تک نہ لڑنے کی کمزوری قرار دے کر ان پر کڑی تنقید کر رہے ہیں۔
