دوحہ ۔کرک اگین رپورٹ۔ کرکٹ کی تازہ ترین خبریں جاننے والے شائقین کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان شاہینز نے روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سےشکست سے دوچار کر دیا ہے۔ دن بھر جاری رہنے والے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں ڈرامہ، سنسنی، کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور فلمی انداز دیکھنے کو ملا، حتیٰ کہ اختتامی لمحات میں امپائرز کو بھی بیچ بچاؤ کرانا پڑا۔
پاکستان کی جارحانہ بیٹنگ اور 313 رنز کا پہاڑ
دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم ترین میچ میں پاکستانی کپتان عبدالصمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ رہا اور اوپنرز شامیل حسین اور معاذ صداقت نے ابتدائی اوورز میں بھارتی بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ چھ سے سات اوورز میں جب بھارتی ٹیم کی خوب درگت بنی تو فاسٹ بولر ہرشیت رانا اپنا آپ کھو بیٹھے اور پاکستانی بلے بازوں شمیل حسین اور معاذ صداقت کے ساتھ الجھتے اور نازیبا رویہ اختیار کرتے نظر آئے۔
شمیل حسین 23 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ معاذ صداقت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز اسکور کیے۔ مڈل آرڈر میں حسن نواز نے شاندار 79 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ کپتان عبدالصمد 28 رنز بنا سکے جبکہ نوجوان بلے باز فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ آخر میں محمد عمران رندھاوا نے 23 رنز کا اضافہ کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز سے 4 گیندیں قبل (49.2 اوورز میں) 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے مہنگے ثابت ہونے والے ہرشیت رانا نے 77 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پرنس یادیو، سوریاش شیڈگے اور وپراج نگم نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کا لڑکھڑاتا آغاز اور تلک ورما کی مزاحمت
کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ ویبھو سوریاونشی 11 اور آیوش بدونی صفر پر آؤٹ ہوئے تو 26 رنز پر بھارت کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایک اینڈ سے اوپنر ابھیشیک شرما نے 42 گیندوں پر 70 رنز کی مزاحمتی اننگز ضرور کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ 115 رنز پر پانچ اور 129 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد میچ یکطرفہ دکھائی دینے لگا۔
شہباز اور تلک کی شراکت داری اور میچ کا ڈرامائی موڑ
6 وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی کپتان تلک ورما اور آل راؤنڈر شہباز احمد نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت شروع کی اور 112 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ ایک مرحلے پر بھارت کو جیت کے لیے فی اوور تقریباً 10 رنز درکار تھے اور پاکستان دباؤ میں آ گیا تھا۔ تاہم، 241 کے مجموعی اسکور پر فاسٹ بولر علی رضا نے شہباز احمد (56 رنز) کو حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے اس خطرناک شراکت کا خاتمہ کر دیا۔112 رنز کی شاندار شراکت بنی۔
پاکستان کی شاندار باؤلنگ اور اختتامی لمحات کا تنازع
شہباز احمد کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ علی رضا نے اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے بیٹر وپراج نگم کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ میچ میں غیر ضروری جارحیت دکھانے والے ہرشیت رانا بھی صفر پر ہی محمد عمران کا شکار بن گئے۔ اختتامی لمحات میں جب بھارت شکست کے دہانے پر تھا تو کریز پر موجود تلک ورما اور پاکستانی فیلڈرز و امپائرز کے درمیان تکرار دیکھنے میں آئی، پاکستان کے بولر نے گیند کی۔جس اینڈ سے کی وہیں تلک ورما کھڑے ہوئے تھے۔ امپائر نے گیند کے بعد پکڑ لیا اور کہا یہ ڈیڈ بال ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا موقف یہ تھا کہ اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔ طویل بحث ہوئی۔ میچ کافی دیر رکا تھا۔ آخر کار ڈیڈ بال قرار دے دی۔ پاکستانی بولرز نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بھارت کو ہدف سے پہلے ہی 49.1
اوورز میں 265 رنز پر آؤٹ کر کے یادگار فتح سمیٹ لی۔تلک ورما 100 رنز پر رہے۔
پاکستان کی جیت میں علی رضا اور حسن نواز نے کلیدی کردار ادا کیا؛ علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن نواز نے 79 رنز کی اننگز کے بعد بولنگ میں بھی کمال دکھاتے ہوئے 45 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان شاہینز نے روایتی حریف کو بھرپور جواب دے دیا ہے۔
