مانچسٹر،کرک اگین رپورٹ
مانچسٹر ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی شکست بہت کچھ تبدیل کردے گی۔سب سے پہلے تو اس کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی پوزیشن چھن جائے گی،کیا ہی غضب ہوگا پروٹیز کے لئے کہ سیریز کے آغاز سے قبل وہ نمبر ون تھے،اوپر سے لارڈز ٹیسٹ جیتا تو پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی،ایک شکست سے وہ استحکام بھی چلاجائے گا،ساتھ میں نمبر ون سے نمبر 2پر جانا ہوگا۔
کرک اگین آپ کو ایڈوانس میںممکنہ پکچر بتاسکتا ہے۔یہ اس صورت میں ہوگا کہ اگر جنوبی افریقا مانچسٹر ٹیسٹ ہارے،جس کا امکان ہوگیا ہے۔شکست کی صورت میں وہ 75 فیصد شرح سے یکدم نیچے گرے گا اور 66.66 فیصد شرح پر آجائے گا۔اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آسٹریلیا جو 70 فیصد شرح پر ہے ،وہ نمبرون ہوجائے گا۔اب انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقا اگر تیسرا ٹیسٹ ہارا تو وہ 60 فیصد شرح تک نیچے جائے گا۔پوزیشن نمبر 2 ہی ہوگی لیکن اس کے بعد کی صورتحال میں پاکستان اپنے باقی ماندہ 5 میچز جیت کر 67 فیصد شرح کرکے اپنی پوزیشن بناسکتا ہے،اس کے لئے پروٹیز کی ایک مشکل ترین سیریز آسٹریلیا میں ہوگی،آسٹریلیا جیتے یا جنوبی افریقا،دونوں کنڈیشنز میں اس وقت ٹپ پر موجود یہ دونوں ٹیموں میں سے ایک کے لئے دھچکا ہوگا۔پاکستان کو فائدہ ہوجائے گا۔جنوبی افریقا اگر مانچسٹر ٹیسٹ یا آخری میچ میں سے ایک جیتا،ایک ہارا تو 70 فیصد شرح کے ساتھ آسٹریلیا کے برابر ہوگا۔
مانچسٹر ٹیسٹ،سٹوکس اور فاکس کی سنچریز،پروٹیز پر اننگ کی شکست کے سائے
اس اعتبار سے دیکھاجائے تو 2 دن کے کھیل میں انگلینڈ فیورٹ ہے۔اس نے پروٹیز کو پہلی اننگ میں 151 اسکور تک محدود کیا،پھر 415 رنزبناکر 264 رنزکی برتری لی۔دوسرے دن کے اختتامی اوورز کا فائدہ اگرچہ نہ اٹھاسکا،جنوبی افریقا نے بناکسی نقصان کے 23 اسکور بنالئے تھے لیکن اسے ابھی بھی 241 رنزکا خسارہ ہے۔بظاہر انگلینڈ فیورٹ ہے۔پاکستان کے لئے اچھے حالات دکھائی دے رہے ہیں۔دیکھنا ہوگا کہ جنوبی افریقا کے بیٹرز کھیل کے تیسرے روز آج کیا گل کھلاتے ہیں۔