راولپندی،کرک اگین،پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث رئوف کے کووڈ ٹیسٹ مثبت أنے کی خبر کے 5 گھنٹے بعد باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ ان کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور وہ آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ سے باہر ہونگے۔
ادھر حارث رئوف نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ میرا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اس وقت میں تنہائی میں ہوں۔کوئی علامت نہیں ہے لیکن بے چینی سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا منتظر ہوں ۔انہوں نے قوم سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔
نسیم شاہ پنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے
راولپنڈی، یکم مارچ 2022ء:
نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو حارث رؤف کی جگہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اعلان کردہ ٹریولنگ ریزرو کا حصہ تھے۔
حارث رؤف کے آج کئے گئے کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔ لہٰذا وہ چار مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ اب پانچ روز تک آئیسولیشن میں رہیں گے، جس کے اختتام پر ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
حارث رؤف کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کی ری ٹیسٹنگ کی گئی۔ ان تمام ارکان کی ری ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آئے ہیں۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ برائے پنڈی ٹیسٹ: بابر اعظم (کپتان) (سنٹرل پنجاب)، محمد رضوان (نائب کپتان) (خیبر پختونخوا)، عبداللہ شفیق (سنٹرل پنجاب)، اظہر علی (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، امام الحق (بلوچستان)، محمد وسیم جونیئر (خیبر پختونخوا)، نسیم شاہ (سینٹرل پنجاب)، نعمان علی (ناردرن)، ساجد خان (خیبر پختونخوا)، سعود شکیل (سندھ)، شاہین شاہ آفریدی (خیبرپختونخوا)، شان مسعود (بلوچستان) اور زاہد محمود (سندھ)