راولپنڈی،پی سی بی میڈیا ریلیز
راولپنڈی میں کھیلے جارہے نیشنل ٹی20 میں اے ٹی ایف سدرن پنجاب کی نیشنل ٹی ٹونٹی میں جیت کی تلاش ختم نہیں ہوسکی۔ جمعے کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
سدرن پنجاب نے 175 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور کی چوتھی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نوجوان بیٹر عبدالواحد بنگلزئی کو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں عبدالواحد بنگلزئی اور عبداللہ شفیق نے بلوچستان کو 84 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ عبداللہ شفیق نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں نوجوان اسپنر عمر خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔عبدالواحد بنگلزئی نے نئے آنے والے بیٹر حارث سہیل کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسرے وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ وہ 7 چوکوں کی بدولت 50 رنز بناکر عامر یامین کا شکار بنے۔حارث سہیل نے 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سہیل اختر 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کپتان صہیب مقصود کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کےنقصان پر 174 رنز بنائے۔ صہیب مقصود نے 34 گیندوں پر 6 چوکوں اور چھکوں کی بدولت 54 رنز بنائے۔ انہوں نے حسان خان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ حسان خان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل سدرن پنجاب کی ابتدائی تین وکٹیں محض 28 رنز پر گر گئی تھیں۔ ذیشان اشرف 10، سلمان علی آغا 6 اور محمد عمران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ایسے میں خوشدل شاہ اور عامر یامین نے بالترتیب 22 اور 12 گیندوں پر 25، 25 رنز بناکر ٹیم سدرن پنجاب کا مجموعہ 175 تک پہنچانے میں مدد کی۔ وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان 2 اور عمر خان12 اسکور پر آؤٹ ہوئے۔بلوچستان کے جنید خان اور عمید آصف نے تین تین جبکہ خرم شہزاد نے دو اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔