احمد آباد،کولمبو،کرک اگین رپورٹ
سری لنکا نے ایشین کرکٹ کونسل کو ایشیا کپ 2022 اپنے ملک سے دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی آفیشل درخواست کردی ہے۔احمد آباد میں آئی پی ایل فائنل 2022 کے موقع پر سری لنکن اور ایشین کرکٹ حکام کے ساتھ بھارتی بورڈز آفیشل موجود تھے۔
آئی پی ایل 2022 کا ٹائٹل نئی ٹیم لے اڑی
اتفاق سے اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے باقاعدہ درخواست کی ہے کہ ملکی سیاسی اور معاشی حالت کے پیش نظر ایشیا کپ کی میزبانی مشکل ہے،اسے فوری طور پر نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے۔اس کے لئے بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات دونوں ہی امیدوار ہیں۔ایشیا کپ اگست کے آخر سے ستمبر کے دوسرے عشرے کے آغاز تک سری لنکا میں شیڈول ہے۔
آسٹریلیا کے دورہ سری لنکا کا فیصلہ
آسٹریلیا نے اگلے چند روز میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے،مہمان ٹیم سری لنکا کے حالات کو جواز بنانے میں مگن ہے لیکن سری لنکا کرکٹ حکام نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے خلاف باہمی سیریز کے لئے وہ تیار ہیں،اپنے ملک میں میزبانی کی خواہش رکھتے ہیں،اس کی سپورٹ بھی ہوگی،آمدنی بھی براہ راست ملک کو ملے گی،اس لئے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کہیں اور منتقل نہیں ہوگی،نہ ہی اسے ملتوی کیا جائے گا لیکن کرکٹ آسٹریلیا کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہے۔
پاکستان کے دورہ سری لنکا کا مسئلہ
پاکستان نے بھی جولائی،اگست میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے،جہاں 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے۔اس حوالہ سے پاکستان پہلے ہی سری لنکن دورے کا اعلان کرچکا ہے،اب سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز بھی شیڈول کے مطابق آگے بڑھے گی۔
بھارت کے دورہ سری لنکا کا امکان
بھارتی بورڈ نے بھی عندیہ دیا ہے کہ سری لنکا کے مشکل حالات کے پیش نظر بھارت 2 میچزکی ٹی 20 سیریز سری لنکا میں کھیل سکتا ہے،یہ سیریز خیر سگالی جذبہ کے تحت رکھی جائے گی،تاکہ اس سے سری لنکا کو مالی مدد مل سکے۔