سنچورین،کرک اگین رپورٹ
Image source Twitter
بھارتی کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی بار سنچورین کا قلعہ فتح کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ویرات کوہلی الیون کو سال 2021 کے آخری جب کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں فتح کے لئے صرف 6 وکٹیں درکار ہیں۔پروٹیز ٹیم کو اپنے ہوم گرائونڈ میں جیت کے لئے مزید 211 اسکور کرنے ہونگے۔جمعرات کو میچ کا 5واں اور آخری دن ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کی پیش گوئی بھی ہے۔
بدھ کو چوتھے روز بھارتی بائولرز نے جنوبی افریقا کی دوسری اننگ میں بڑے شگاف ڈال دیئے تھے۔میزبان ٹیم نے 305 رنزکے مشکل ہدف کے تعاقب میں 94 اسکور تک 4 وکٹیں کھودی تھیں۔ایڈن مارکرم ایک،پیٹرسن 17،ڈیئر ڈوسین 11 اور نائٹ واچ مین کیشو مہاراج دن کی آخری بال پر8 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے تھے،اکیلے کپتان ڈین ایلجر 52 رنزبناکر زبردست مزاحمت کررہے تھے اور آج آخری دن وہی واحد امید ہونگے کہ میچ بچائیں ۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں صرف 174 کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔پہلی اننگ میں سنچری کرنے والے کے ایل راہول صرف 23 کرسکے۔کپتان ویرات کوہلی پھر ناکام ہوئے اور18 کی اننگ کھیل سکے۔رشی پنت نے سب سے زیادہ 34 اسکور کئے۔بھارت کو پہلی اننگ میں چونکہ 130 اسکور کی بڑی برتری تھی،اس وجہ سے وہ 304 کا ہدف سیٹ کرنے میں کامیاب رہا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اس بار ربادا نے 4 اور مارکو جانسن نے بھی 4 کھلاڑی آئوٹ کئے۔پہلی اننگ میں 6 وکٹیں لینے والے لنگی نیگیڈی کے حصہ میں2 وکٹیں آئیں۔بھارت نے پہلی اننگ میں 327 اور جنوبی افریقانے 197 رنزبنائے تھے۔
سنچورین میں بھارت تاریخ کی پہلی فتح کے قریب ،پروٹیز کیا سرپرائز دے سکتے۔یہ سوال اہم ہے۔ٹیسٹ کرکٹ کا مزاج یہ بتاتا ہے کہ بھارت 99 فیصد میچ جیت چکا ہے۔جنوبی افریقا کا دیس اور اس کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ پروٹیز کچھ بھی ناقابل یقین کرسکتے ہیں۔