Image Source: Twitter
راولپنڈی،میڈیا ریلیز
نیشنل ٹی ٹونٹی کے 14ویں میچ میں جی ایف ایس سندھ نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ناردرن کو 3 رنز سے ہرادیا۔ راولپنڈی میں بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈی ایل ایس میتھڈ پر ہوا۔بارش سے متاثرہ میچ میں ناردرن کو مقررہ بیس اوورز میں جیت کے لیے 177 رنز درکار تھے۔ اوپنر ناصر نواز کے تین چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت ناردرن نے 7.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔اس دوران سرمد حمید 5 اور حیدر علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سندھ کے دانش عزیز، شاہنواز دھانی اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سات کے مجموعی اسکور پر شان مسعود کی وکٹ گنوانے کے باوجود اوپنر شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔انہوں نے خرم منظور اور سعود شکیل کے ہمراہ بالترتیب 52 اور 49 رنز کی شراکت قائم کی۔ خرم منظور 15 اور سعود شکیل نے 28 رنز بنائے۔128 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹنے پر کپتان سرفراز احمد نے کریز سنبھالی۔ انہوں نے پہلے انور علی اور پھر رومان رئیس کے ہمراہ پارٹنرشپ لگا کر سندھ کا مجموعہ 176 تک پہنچانے میں مدد کی۔سرفرازاحمد 26 جبکہ انور علی 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ رومان رئیس 13 اور محمد حسنین ایک اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔سندھ نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔شاداب خان، سلمان ارشاداورموسیٰ خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر شرجیل خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ٹورنامنٹ کے 14ویں میچ کے بعد سندھ 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے، ناردرن اور خیبرپختونخوا چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر جبکہ ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر ہے۔