عمران عثمانی کی خصوصی رپورٹ
ایشیا کپ 2022 کوالیفائر تمام ہوا۔متحدہ عرب امارات کا قصہ بھی گول۔میزبانی کے مزے لینے والا ملک اپنی ٹیم کو اب خواب میں کھیلتا دیکھے گا۔اس کے ساتھ ہی 27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔ہانگ کانگ نے کوالیفائر ٹیم کے طور پر پاکستان اور بھارت کے گروپ میں جگہ بنالی ہے۔
ایشیا کپ کوالیفائر،ہانگ کانگ کی مسلسل دوسری جیت،ریس میں 3 امیدوار شامل
مسقط میں کھیلے گئے کوالیفائرز ایونٹ کے آخری روز بدھ کو 2 میچز ہوئے،پہلے میچ میں کویت نے سنگاپور کو آئوٹ کلاس کرکے بڑے مارجن سے جیت اپنے نام کی،نیٹ رن ریٹ اتنا بلند کیا کہ اگر اس کے بعد کے آخری میچ میں متحدہ عرب امارات جیت جاتا تو ہانگ کانگ اور عرب امارات باہر ہوتے اور کویت ایونٹ کھیلتا۔اس نے سنگا پور کو104 پر آئوٹ کیا اور ہدف 8 ویں اوور میں پورا کیا۔73 بالز قبل 4 وکٹ کی جیت اس کے نیٹ رن ریٹ کو 1.62 پر لے گئی،4 پوائنٹس کے بعد اب سے ہانگ کانگ کی عرب امارات سے شکست کی تمنا تھی جو پوری نہ ہوسکی۔
بدھ کو رات گئے کھیلے گئے آخری میچ میں متحدہ عرب امارات ہانگ کانگ کے خلاف 3 بالز قبل صرف 147 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔کپتان رضوان نے 49 اور زوار فرید نے 41 رنزکئے۔ہانگ کانگ کے احسان خان عرب امارات پر بری طرح بھاری پڑے۔24 رنزکے عوض 4 وکٹ لے اڑے۔جواب میں ہانگ کانگ نے11 اوورز میں 85 رنزکا اچھا آغاز لے کر بھی میچ مشکل بنایا۔یو اے ای کے بائولرز نے پہلے کپتان نزاکت خان کو 39 پر شکار کیا،پھر خطرہ بننے والے یاسم مرتضیٰ کو 58 کے انفرادی اسکور پر چلتا کردیا۔ہانگ کانگ کا دوسری وکٹ کھونے پر مجموعی اسکور 116 تھا۔20 بالز پر 29 اسکور مشکل ہوگئے تھے۔وکٹیں ہاتھ مین تھیں،کوشش جاری تھی۔اگلی 2 بالز پر 2 بائونڈریز نے ہدف 18 بالز پر 21 کردیا۔پھر 12 بالز پر 11 اسکور اور آسان ہوگئے۔بابر حیات نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلی۔عرب امارات کے کھلاڑی اس لئے بھی دل چھوڑ گئےتھے کہ ایسے حالات کی جیت فضول ہوتی،کویت نے کوالیفائی کرجانا تھا۔نتیجہ میں 6 بالز قبل ہی بابر حیات نے چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو 19 اوورز میں 8 وکٹ کی فتح دلوادی۔وہ26 بالز پر 38 کے ساتھ ناقابل شکست آئے۔کویت باہر ہوگیا۔
ہانگ کانگ نے ہدف 19اوور میں 2 وکٹ پر پورا کیا۔۔نیٹ رن ریٹ کی بحث سے آزاد ہوکر 6 پوائنٹس کے ساتھ ایشیا کپ کے مین رائونڈ میں داخل ہوگئے۔