کرک اگین رپورٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سینیئر پلیئر ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔محمد حفیظ نے 3 جنوری 2022 کی صبح پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا،انہوں نے اس کے لئے جو طریقہ اختیار کیا،وہ نہایت مثالی اور باوقار تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حفیظ نے پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کی کوششیں کیں،مشکلات رہیں،پھر جو مکالمے رپورٹ ہوئے ہیں،اس سے مزید مایوسی ہوئی ہے۔
محمد حفیظ کرکٹ کے آخری فارمیٹ ٹی 20 انٹر نیشنل سے بھی ریٹائر،کیریئر تمام
جیسا کہ متعدد مقامات سے رپورٹ ہوا ہے کہ محمد حفیظ کئی دنوں سے ملاقات کی کوشش کررہے تھے،پھر کہیں جاکر رمیز راجہ سے مکالمہ ہوا،تو رمیز نے فرمایا کہ میرا خیال تھا کہ آپ پی ایس ایل کیٹگری تبدیلی پر ملنا چاہتے تھے،آگے سے حفیظ نے جوجواب دیا وہ کمال تھا،میں عزت سے ملک کے لئے کھیلتا آیا ہوں،یہ کراراجواب تھا۔شاید اسی کا نتیجہ ہی تھا کہ حفیظ کو پی سی بی چیئرمین نے ویلکم کیا اور نہ رخصت کیا۔یہ غلط مثال بنی ہے۔
اسی چیز اور بات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے دوسرے سینئر کھلاڑی شعیب ملک نے بھی اب ریٹائرمنٹ کا ذہن بنالیا ہے،وہ بھی جلد فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔پی ایس ایل 7 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ایک ٹی 20 میچ بھی شیڈول ہے،شعیب ملک اسے الوداعی میچ کی خواہش کے طور پر لےسکتے ہیں۔اس کے لئے پی سی بی کو منظم کرنا مسئلہ ہوگا،یہ سوال پھر حفیظ کے بارے میں بھی کھڑا ہوگا۔ان کے لئے ایسا کیوں سوچا یا کہا نہیں گیا۔
شعیب ملک کی اگر یہ آرزو ہوگی بھی تو اب پوری ہونی مشکل ہے،اس لئے عین ممکن ہے کہ وہ اپنی سفارتی کوشش پوری کریں۔یہ بھی ممکن ہے کہ وہ حسب سابق مکمل خاموشی رکھیں،اس بار انہیں اس کا فائدہ نہیں ہوگا۔بہتر یہی ہے کہ وہ محمد حفیط کی طرح عزت کے ساتھ باہر کا راسےہ پکڑ لیں۔
یہ بات طے ہوچکی ہے کہ اس سال کے آخر میں شیڈول ورلڈ ٹی 20 کپ کے لئے وہ پاکستان کے پلان کا حصہ نہیں ہیں۔اب کسی ان فٹ کھلاڑی یا کسی دبائو پر انہیں شامل نہیں کیا جائے گا۔
شعیب ملک یکم فروری 2022 کو پورے 40 سال کے ہوجائیں گے۔محمد حفیظ کے41 سالہ کیریئر کا سوچیں تو ایک سال مزید کھیلنے کی آرزو کرسکتے ہیں لیکن ٹی 20 فارمیٹ میں ان کا اب تک رہنا بھی ایک کمال تھا۔دائیں ہاتھ کے بیٹر اور اسپنر شعیب ملک کے بارے میں اطلاع ہے کہ انہوں نے ابتدائی مشاورت شروع کردی ہے۔وہ بھی اب ایک بہتر پلیٹ فارم کے متمنی ہیں۔میچ کی شکل میں ہوتو کیا بات ہے،ورنہ محمد حفیظ کے اسٹیج سے بہتر اور پررونق مقام کی کوشش کریں گے۔