لاہور،پی سی بی پریس ریلیز
نیشنل ٹی 20 کپ،سیمی فائنل کی انٹری شروع،ٹیم کو ٹکٹ مل گیا۔نیشنل ٹی ٹونٹی کے اٹھائیسویں میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ناردرن نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد 186 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔اوپنر علی عمران نے 64 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ناردرن کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سہیل تنویر نے جنید خان کو آخری اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
186 رنز کے تعاقب میں ناردرن کے ٹاپ آرڈر بیٹرز نے اپنی ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ علی عمران نے ناصر نواز کے ہمراہ 60 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ناصر نواز 3 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئےذیشان ملک نے کریز سنبھال لی اور ناردرن کی جانب سے رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔دونوں بیٹرز نے 88 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔ علی عمران 44 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ذیشان ملک نے 35 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ایسے میں ناردرن کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا اور محض 23 رنز پر اس کے چار بیٹرز پویلین واپس لوٹے تو ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔ایک موقع پر میچ میں مکمل گرفت رکھنے والی ناردرن کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم پیسر جنید خان اس کا کامیابی سے دفاع نہ کرسکے۔سہیل تنویر نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ناردرن کو فتح دلادی۔بلوچستان کے عمید آصف اور عماد بٹ نے 2،2 جبکہ کاشف بھٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیشنل ٹی 20 کپ،دفاعی چیمپئن کی جیت
اس سے قبل عبداللہ شفیق اور امام الحق کی نصف سنچریو ں کی بدولت بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق نے 44 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز کی دلفریب اننگز کھیلی۔ کپتان امام الحق نے 39 گیندوں پر 7 چوکوں کی بدولت 50 رنز بنائے۔ان دونوں کے علاوہ عمید آصف اور سہیل اختر وہ دو بیٹسمین تھے جو بلوچستان کی جانب سے ڈبل فگرز میں داخلے ہوسکے۔ انہوں نےبالترتیب 17 اور 16 رنز بنائے۔ناردرن کے زمان نے 3 جبکہ نعمان علی، عامر جمال ، سہیل تنویر اور موسیٰ خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ناردرن کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ خیبرپختونخوا، ہوم سٹی سینٹرل پنجاب اور جی ایف ایس سندھ 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجو د ہیں۔ بلوچستان 6 اور سدرن پنجاب 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔