راولپنڈی,پی سی بی میڈیا ریلیز
قومی ٹی 20 کپ کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا،ایک ٹیم شکست سے جان نہ چھڑواسکی،بابر اعظم نے نیا ریکارڈ کھول دیا۔چھ میچز کھیلنے کے باوجود اے ٹی ایف سدرن پنجاب کی نیشنل ٹی20 میں جیت کی تلاش ختم نہیں ہوسکی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے آخری اور مجموعی طور پر اٹھارویں میچ میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا۔سینٹرل پنجاب نے 120 رنز کا ہدف 16 گیندیں قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پیسرز حسن علی اور فہیم اشرف کی تباہ کن باؤلنگ کے بعدکپتان بابراعظم کی ناقابل شکست نصف سنچری نے سینٹرل پنجاب کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس دوران بابراعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ کپتان ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سات ہزار رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے صرف 187 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اننگزکے اعتبار سے بھی یہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے یہ اعزاز 192 اننگز میں اپنے نام کیا تھا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین احمد شہزاد تھے۔ وہ 12 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر نوجوان باؤلر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان بابراعظم اور تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی شراکت قائم کر کے سینٹرل پنجاب کو فتح کے مزید قریب لے گئے۔ کامران اکمل 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔بابراعظم 59 اور حسین طلعت 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس دوران قاسم اکرم نےبھی 10 رنز بنائے۔
اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمندثابت ہوا۔ پہلے فہیم اشرف اور پھر حسن علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ کو 18.4 اوورز میں محض 119 رنز پر ڈھیر کردیا۔حسن علی نے 24 رنز کے عوض 4 جبکہ فہیم اشرف نے 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سدرن پنجاب کے صرف دو کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ اعظم خان 45 اور سلمان علی آغا 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ان کے علاوہ ذیشان اشرف، صہیب مقصود، عامریامین اور ضیاء الحق کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس پہنچے۔ خوشدل شاہ2، محمد عمران 5، حسان خان 9 اور نسیم شاہ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔میچ میں نپی تلی باؤلنگ کرنے پر سینٹرل پنجاب کے پیسر فہیم اشرف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کی پنڈی لیگ کے اختتام پر جی ایف ایس سندھ ، خیبرپختونخوا اور ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ناردرن، بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔