ابو ظہبی،کرک اگین رپورٹ
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 سے بھارت باہر ہوگیا. میگا ایونٹس کی تاریخ میں پہلی بار ٹیم بھارت کو جدید دور میں بڑی سبکی و ذلت اٹھانی پڑی ہے. دوسروں کی بیساکھی پر سفر کی کوشش بھی رائیگاں چلی گئی. نیوزی لینڈ نے بیساکھی توڑ ڈالی. آگے بڑھ کر سیمی فائنل کی ٹکٹ کٹوالی ہے.
شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابو ظہبی میں نیوزی لینڈ نے 125 رنز کے آسان ہدف کو 11 گیندیں قبل پورا کرلیا. 8وکٹ کی کامیابی کے ساتھ پوائنٹس بھی 8 کرلئے ہیں. اوپنر ڈیرل مچل 17 کرسکے. مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگ آگے بڑھائی.راشد خان نے 57 کے مجموعہ پر مارٹن گپٹل کی قیمتی وکٹ اڑادی.وہ 28 کرسکے.
افغانستان کو یہ ٹرننگ پوائنٹ ملا تھا .اب اسے مزید وکٹ کی ضرورت تھی. کین ولیمسن کے 40 اور ڈیون کونوے کے 36 ناقابل شکست رنز کی بدولت ہدف 2 وکٹ پر مکمل ہوا. نیوزی لینڈ 8 وکٹ سے جیت کر سیمی فائنل میں چلا گیا.
اس سے قبل افغان کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا .ٹیم آغاز ہی میں تباہی کی جانب چلی گئی جب 19 پر 3 صف اول کے بیٹرز پویلین لوٹ گئے. اس کے بعد نجیب اللہ کے 73 رنز کی بدولت افغانستان نے 8 وکٹ پر 124 اسکور کئے.