کرک اگین رپورٹ
آپ سے کوئی یہ پوچھے کہ ورلڈٹی 20 کپ کا یہ کونسا ایڈیشن ہے،اب تک کون جیتا،کون ہارا۔کس نے کس سال یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تو یہ بنیادی معلومات آپ کے لئے اس ووقت اس لئے ضروری ہے کہ ورلڈ ٹی 20 کی وسل بجنے کو ہے،اب تو 3 ہفتے کا وقت رہ گیا ہے۔اکتوبر شروع ہوتے ہی ہرطرف اس کی باتیں ہونگی اور اس کا تذکرہ ہوگا،اسی مناسبت سے کرک اگین آپ کے لئے چیدہ چیدہ معلومات یہاں فراہم کرتا رہے گا۔
ورلڈ ٹی 20 کپ کا آغاز 2007 سے ہوا۔پہلا ایڈیشن جنوبی افریقا میں کھیلا گیا،جوہانسبرگ کےپاک انڈیا فائنل نے اس کھیل کی تیزی میں جیسے بجلی بھر دی۔بدقسمتی سے مصباح الحق پاکستان کو نہ جتواسکتے،حالانکہ فائنل بنایا بھی انہوں نے ہی تھا۔بھارت پاکستان کو 5 رنز سے ہر اکر ورلڈ ٹی 20 چیمپئن بن گیا۔
دوسرا ٹی 20 کپ 2009 میں ہوا،انگلینڈ میزبان تھا۔پاکستان نےلندن فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹ سےشکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تیسرا ٹی 20 کپ 2010 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا۔انگلینڈ نے برج ٹائون فائنل میں آسٹریلیا کو 7 وکٹ سےشکست دے کر پہلا آئی سی سی ایونٹ جیتا۔یہ حیران کن لمحہ تھا۔
چوتھا ٹی 20 کپ 2012 میں سری لنکا میں کھیلا گیا۔کولمبو فائنل میچ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے مابین ہوا،ویسٹ انڈیز 36 رنز سے جیت کر مختصر ایونٹ کا پہلی بار چیمپئن بنا۔
پانچواں ٹی 20 کپ 2014 میں بنگلہ دیش میں ہوا،یہاں سری لنکا نے ڈھاکا فائنل میں ناقابل یقین انداز میں بھارت کو6 وکٹ سے ہرا کر پہلی بار ایونٹ جیتا۔
ویسٹ انڈیز اس شکست کو ہر گز نہیں بھولا۔2016 کے چھٹے ایڈیشن میں اس نے ایک بار پھر ٹائٹل اپنے نام کیا،جب فائنل میں کولکتہ کے مقام پراس نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 4 وکٹ سے شکست دی اور ورلڈ ٹی 20 کا دوسری بار چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا۔
اس طرح اب تک 6 بار یہ ایونٹ ہوا ہے۔2016 کے بعد آئی سی سی نے اسے ہر 2 سال بعد کروانے کی بجائے 4 سال بعد کروانے کا اعلان کیا۔یہ فیصلہ غلط رہا۔ایک تو 2020 میں کورونا کی وجہ سے ایونٹ نہیں ہوا۔دوسرا اب مسلسل 2 سال ہوگا۔تیسرا آئی سی سی نے 4 کی بجائے اسے دوبارہ 2 سال بعد کروانے کا اعلان کردیا ہے۔
ورلڈ ٹی 20 کپ 2 بار ویسٹ انڈیز جیتا۔بھارت،پاکستان،انگلینڈ اورسری لنکا ایک ایک بار فاتح رہے۔آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا اب تک چیمپئن نہیں بن سکے۔