برج ٹائون ،کرک اگین رپورٹ
کہانی ختم،ویسٹ انڈیز کی ٹرپل سنچری بھی اسے ناکامی سے نہ بچاسکی۔یوں مسلسل چوتھی ون ڈے سیریز کی ناکامی کے بعد اس کے اگلے سال شیڈول ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کے امکانات مکمل طور پرمعدوم ہوگئے ہیں۔
برج ٹائون میں میزبان ٹیم نے فیصلہ کن ون ڈے مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف 8 وکٹ پر 301 رنز بنائے۔
پہلی وکٹ پر 35 ویں اوور تک 173 رنز کی شراکت فتح یا بڑے اسکور کی بنیاد سمجھی گئی۔شائی ہوپ 51 اور اسی پر سنچری کرنے والے کال میئرز 105 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو جیسے کیویز کے ہاتھ کنجی لگ گئی ہو۔ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے کپتان نکولس پورن نے 55 بالز پر 91 کی اچھی اننگ کھیل لی،ان کے علاوہ
الزاری جوزف کے 20 رنز چوتھا بڑا اسکور تھا۔
ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور مچل سینٹر نے 2 وکٹیں لیں۔
جواب میں کیوی ٹیم 20 رنز پر پہلی اور 128 تک 3 وکٹ گنوانے کے بعد بھی دبائو میں نہ آئی۔اننگ میں کوئی سنچری نہ تھی۔4 ہاف سنچریز نے کام آسان کردیا۔
مارٹن گپٹل 57 اور ڈیون کونوے 56جب کہ کپتانی کرنے والے ٹام لیتھم نے 69 کی اننگز کھیلیں۔ڈیرل مچل کے 63 رنز نے کام آسان کردیا۔نیوزی لینڈ نے 17 بالز قبل 5 وکٹ پر ہدف مکمل کرکے 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔
ورلڈکپ 2023،پاکستان نے بھارت کی ٹکٹ کٹوالی،سپرلیگ ٹیبل پوزیشن
جون میں دورہ پاکستان سے اب تک یہ پاکستان،بنگلہ دیش،بھارت کے بعد نیوزی لینڈ سے چوتھی ون ڈے سیریز کی شکست ہے۔مجموعی طور پر 2 ٹی 20 سیریز ملائیں تو چھٹی سیریز کی ناکامی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کی مہم تمام ہوئی ۔ویسٹ انڈیز 8 سیریز کے 24 میچز میں صرف 90 پوائنٹس کے سکا،اس کی موجودہ پوزیشن 7 ویں ہے۔نیوزی لینڈ 110 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔اسکے ابھی 12 میچز باقی ہیں۔
ویسٹ انڈیز سے نیچے آسٹریلیا ،سری لنکا اور جنوبی افریقا ہیں،ان کے کافی میچز باقی ہیں۔ان میں سے کوئی 2 بھی آسانی سے آگے نکل جائے گا،جیسے جنوبی افریقا نے جنوری 2023 میں آسٹریلیا میں 3 ون ڈے میچز سے انکار کردیا۔یوں آسٹریلیا کو جنوری میں 30 پوائنٹس بغیر کھیلے مل جائیں گے ۔
ویسٹ انڈیز کو اب ورلڈ کپ کوالیفائنگ کھیلنا پڑےگا۔لیگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کے لئے بھارت میں جائیں گی۔