ابو ظہبی،کرک اگین رپورٹ
پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے،گروپ 2 کی ٹاپ پوزیشن آفیشل کنفرمیشن ہوگئی ہے۔پاکستان اس گروپ سے پہلے نمبر کے طور پر سیمی فائنل میں جائے گا،جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقا یا آسٹریلیا میں سے کسی ایک سے متوقع ہے لیکن امکانی درجہ میں ویسٹ انڈیز نہایت معمولی چانسز کے ساتھ موجود ہے،اس کا فیصلہ گروپ 1 کے اگلے چند میچز کے بعد ہوگا۔
ابو ظہبی،پاکستان کی نمیبیا کے خلاف بیٹنگ،تجزیہ سچ
منگل کو ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں گرین کیپس نے 45 رنز سے بڑی فتح نام کی۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر وہی فیصلہ کیا جس کے بارے میں کرک اگین نے ایک رات قبل واضح لکھا تھا کہ پاکستان نے ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بیٹنگ پریکٹس کی پلاننگ کرلی ہے،البتہ پلیئنگ الیون میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہ کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
نمیبیا نے اپنی بائولنگ کے ابتدائی پارٹ سے پاکستان کو ضرور پریشان کئے رکھا جب آدھے اوورز کے بعد اسکور بہت کم تھا،نئی پچ اور نئی بال کے ساتھ نمیبین گیند بازوں نے پاکستانی اوپنرز محمد رضوان اور بابر اعظم کو پریشان کیا،یہی وجہ ہے کہ 15 ویں اوور میں جب اوپننگ شراکت ٹوٹی تو 113 اسکور تھا،پہلی وکٹ بابر اعظم کی گری،وہ 49 بالز پر 7 چوکوں کی مدد سے 70 اسکور کرگئے،فخرزمان بھی 5 کرکے گئے تو پاکستان کا 15 اوورز،2 بالز پر 2 وکٹ پر صرف 122 اسکور تھا۔
نئے بیٹر محمد حفیظ آئے تو ساتھ میں رضوان بھی چارج ہوگئے،پھر دونوں نے ایسا لاٹھی چارج کیا کہ اگلے 4 اوورز میں 60 سے زائد اسکور بن گئے،جس میں آخری اوور میں رضوان کے کئے گئے 24 قیمتی رنز بھی شامل تھے۔پاکستان نے 2 وکٹ پر 189 پر فل اسٹاپ لگایا،وکٹ کیپر بیٹر رضوان 50 بالز پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 پر ناٹ آئوٹ آئے۔حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔انہوں نے 5 چوکے لگائے۔ڈیوڈ ویزے اور فریکلن نے ایک ایک وکٹ لی۔
جواب میں نمیبیا کی پہلی وکٹ اگر چہ 8 پر گر گئی لیکن اس کے باوجود سٹیفن بارڈ اورکریگ ولیمز نے اچھا بندھ باندھا اور اسکور 55 تک لے گئے۔پاکستان کو دوسری کامیابی سٹیفن بارڈ کی ملی جو29 رنزبناکر بدقسمتی سے رن آئوٹ ہوگئے۔نمیبیا نے پاکستانی گیند بازوں کو اتنی آسانی سے وکٹیں نہیں دیں،جس کا امکان تھا بلکہ بعض مواقع پر جم کر مقابلہ کی کوشش کی،رن ریٹ بڑھنے کے باعث اس کے لئے فتح ناممکن سی ہوگئی۔
کپتان ایراموس 15 اور سیٹ بیٹر کریگ ولیمز 40 کر کے گئے تو نمیبیا نے اپنی شکست تسلیم کرلی تھی،رسمی کارروائی کے لئے 20 اوورز مکمل ہونا ضروری تھے۔نمیبیا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر144 رنزبنائے،اس طرح پاکستان نے45 رنز سے کامیابی اپنے نام کی،ڈیوڈ ویزا نے43 ناٹ آئوٹ اسکور کئے۔یہ رواں ایونٹ میں اس کی مسلسل چوتھی جیت ہے۔تن تنہا 8 پوائنٹس کے ساتھ اس کا گروپ 2 میں پہلا نمبر ہوگیا ہے،آب اسکاٹ لینڈ کے خلاف آخری میچ کا نتیجہ بھی اس کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں ڈالے گا۔
گرین کیپس کی جانب سےحسن علی نے 22 رنز،حارث رئوف نے25 رنزکے عوض،شاداب خان نے 35 رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔شاہین آفریدی کو 36 رنز پڑے،کوئی وکٹ نہ ملی۔