روٹرڈیم،کرک اگین رپورٹ
نیدرلینڈزجیسی کمزور ٹیم کے خلاف پاکستانی بائولنگ لائن ایکسپوز ہوگئی۔بیٹنگ لائن نے جیسے تیسے بھی،بہرحال بہتر ٹوٹل سیٹ کیا۔جواب میں کرکٹ کی بے بی ٹیم نے گرین کیپس کو ایک موقع پر ہلایا ضرور ہے۔گرین کیپس کی ناتجربہ کار بائولنگ نے جھول کھالیا،یہ تو میزبان ٹیم کی ناتجربہ کاری آڑے آگئی،ورنہ پاکستان ایک بڑی ہزیمت سے دوچار ہوسکتا تھا۔314 اسکور بناکر ٹیم نے جواب میں 298 اسکور بنوالئے۔
بھارتی فینز پاکستان کی حمایت میں آگئے،بابر اعظم سنچری سے محروم،فخر عجب آئوٹ
روٹرڈیم میں 3 ایک روزہ میچزکی سیریز کے پہلے میچ میں ڈچ کرکٹ ٹیم نے 315 رنزکے بڑے ہدف کا چیلنج قبول کرلیا۔7 پر پہلی،24 پر دوسری اور 62 رنزپر تیسری وکٹ گنوانے والی ٹیم پھر بھی نہ لڑکھڑائی۔ چوتھی وکٹ پر 97 اسکور کی شراکت نے میچ بنایا۔31 ویں اوور میں 65 رنزبنانے والے ٹام کوپر کی قیمتی وکٹ حارث رئوف نے حاصل کی۔اگلی وکٹ پبھی جلد گرنے کے بعد کپتان سکاٹ ایڈورڈ ہتھیار پھینکنے کو تیار نہ تھے۔222 رنزپر 6 وکٹ گرنے کے بعد بھی 7 ویں وکٹ پر نیدر لینڈ ٹیم مزاحمت کرتی رہی۔4 اوورز میں 48 رنزباقی تھے۔
یہ آسان نہیں تھا۔نتیجہ میں آخری 2 اوورز میں 35 اسکور باقی تھے۔حارچ اور دیگر نے 2 اوورز اچھے نکال دیئے تھے۔آخری اوور میں 26 رنز مشکل تھے۔حارث رئوف اطمینان سے بالز کررہے تھے۔اس سے قبل2 وکٹیں مزید گریں۔نیدر لینڈز ٹیم 8 وکٹ پر298 اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔پاکستان صرف 16 رنز سے جیت سکا،اس طرح 3 میچزکی سیریز میں 0-1 کی سبقت ملی ہے۔ڈچ کپتان سکاٹ ایڈوارڈ 60 بالز پر 71 رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے ڈیبیو پر51 رنزکے عوض 3 اور حارث رئوف نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے بلے باز کا فیصلہ کیا۔اوپنر امام الحق صرف 2 رنزکے مہمان بنے۔دوسری وکٹ پر فخرزمان اور امام الحق 168 اسکور کا اضافہ کیا،یہاں پاکستانی کپتان 84 بالز پر 74 اسکور کرکے آئوٹ ہوگئے۔26 رنزکی کمی سے بطور کپتان 10 ویں ون ڈے سنچری کا ریکارڈ قائم نہ کرسکے۔تھوڑی دیر بعد کیریئر کی7 ویں ون ڈے سنچری کرنے والے فخرزمان رن آئوٹ ہوگئے۔انہوں نے 109 بالز پر 109 ہی اسکور بنائے،محمد رضوان 14 رنزبناکر ایل بی ہوئے تو پاکستان40 ویں اوور تک 4 وکٹ پر 212 پر تھااس کے بعد آخری 10 اوورز میں خوشدل شا،شاداب خان اور آغا سلمان کے لاٹھی چارج کی بدولت 100 سے زائد اسکور بن گئے ،۔یوں پاکستان 6 وکٹ پر 314 اسکور 50 اوورز میں کرنے میں کامیاب ہوا۔شاداب نے 28 بالز پر 48 اور آغا نے 16 بالز پر27 رنزبنائے۔دونوں ناٹ آئوٹ رہے۔خوشدل18 بالز پر 21 کرکے آئوٹ ہوئے۔نیدرلینڈز کے وین بیک کو2 وکٹ کے لئے 89 اسکور کی مار پڑی۔ ڈی لیڈی نے 42 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔