کراچی،کرک اگین رپورٹ
پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کومسلسل دوسری شکست ہوگئی۔پاکستان سپر لیگ 7 میں کراچی کنگز کی دوسری شکست،مسلسل دوسری ناکامی نے انہیں بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چاروں شانے چت کرکے رکھ دیا،پہلے بیٹنگ کی بیٹری فیل ہوئی،پھر بائولنگ بھی ٹھس ہوگئی۔سرفراز الیون نے آخر کار ایونٹ کی پہلی جیت اپنے نام کرلی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اب تک کھیلے گئے میچز میں سب سے کم اسکور 114 رنزکے تعاقب میں اسے کوئی مشکل پیش نہ آئی۔اس نے ہدف ہنستے کھیلتے 15 اوورز 4 بالز پر 2 وکٹ پر پورا کرلیا۔ ول سیمڈ 30 اسکور کرکے گئے۔احسان علی 57 رنزکے ساتھ ناقابل شکست آئے۔واحد وکٹ محمد عمران نے لی۔بین ڈکٹ اپنی غلطی سے رن آئوٹ ہوگئے۔سرفراز 16 پر ناٹ آئوٹ آئے۔
کراچی پر کوئٹہ کا سوئنگ راکٹ کے ساتھ حملہ،113پر 10 ڈھیر
اس سے قبل کراچی کنگز کی اننگ نسیم شاہ کی تباہ کن بائولنگ کاسامنا نہ کرسکی اور 15 بالز قبل صرف 113 رنزپر آئوٹ ہوگئی۔شاہ نے 20 رنزدے کر 5 وکٹیں لیں۔ان کے ساتھ سہیل تنویر نے 2 آئوٹ کئے۔پہلی اننگ کی مکمل تفصیلات کے لئے اوپر دیئے گئے لنک پر ملاحظہ فرمائیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوجوان فاسٹ باؤلر کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا.
نسیم شاہ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.
فاتح ٹیم نے 114 رنز کا مطلوبہ ہدف 16ویں اوور کی پانچویں گیند پر محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا.
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے چوتھے میچ میں مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز احسان علی اور ول سمیڈ نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے 76 رنز کی شراکت قائم کی. احسان علی نے ناقابل شکست 57 اور ول سمیڈ نے 30 رنز بنائے. یہ احسان علی کی ایونٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری ہے.
کپتان سرفراز احمد 16 اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے. محمد عمران نے ایک وکٹ حاصل کی.
اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار باؤلنگ کی سامنے کراچی کنگز کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 17.3 اوورز میں 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی.
کپتان بابر اعظم سمیت کراچی کنگز کے صرف چار کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے. بابر اعظم 32، عماد وسیم 26، عامر یامین 20 اور شرجیل خان نے 10 رنز بنائے.
نسیم شاہ نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. سہیل تنویر نے 2 جبکہ جیمز فالکنر، محمد نواز اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.