کراچی ،کرک اگین رپورٹ
پاکستان سپر لیگ 7 کے تیسرے روز کا دوسرا اور مجموعی طور پر چوتھا میچ آج 29 جنوری ہفتہ کی شب کھیلاجائے گا،ایونٹ کی ابتدائی ناکامیاں ماتھے کا جھومر بنانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہونگی۔کراچی کنگز کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوپشاور زلمی نے شکست دی تھی۔
اتفاق یہ ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں اپنے پہلے میچ کا ٹاس ہاری تھیں،ساتھ میں میچ بھی ہارگئیں،اب یہ جب آمنے سامنے ہیں تو ان میں سے ایک ٹیم ٹاس جیت جائے گی،سوال یہ کہ وہ کون سی ٹیم ہوگی،پھر ٹاس جیتنے کے بعد کیا میچ بھی حاصل کرپائے گی۔
کراچی اور کوئٹہ کے باہمی مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو کنگز کو خسارے کا سامنا ہے۔اب تک کے12 میچز میں سے کنگز کی ٹیم صرف 5 میچ جیتی ہے جب کہ اس کے مقابل کوئٹہ نے 7 میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔اس میں بھی اہم بات یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گزشتہ سیزن میں دونوں میچ ہاری تھی۔سرفراز الیون نے 2020 کے ایونٹ کے دونوں میچز جیتے تھے۔اگر 2 کے پہاڑے کو سامنے رکھاجائے تو پھر ٹاس بھی سرفراز احمد کا بنتا ہے اور میچ بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس جاتا دکھائی دیتا ہے۔
پی ایس ایل 7،آج 2 میچز،اسلام آباد غائب،ملتان اور لاہور دوپہر کو مقابل،اہم تفصیلات
پیپر پر موجود ٹیم کو دیکھاجئے تو کراچی کنگز کو سبقت ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ گلیڈی ایٹرز کے پاس میچ ونرز کی کمی ہے۔ساتھ میں اس کے جمعہ کے میچ کو دیکھاجائے تو زلمی کے فیلڈرز کے ڈراپ کیچزکے بعد بھی ٹیم 200 اسکور نہ کرسکی۔پھر 190 کا دفاع بھی نہیں کرپائی ہے۔
ایک اور اہم بات بھی ہے۔سب کے سامنے یوں ہے کہ بابر اعظم اس سال پہلے بار کراچی کنگز کے آفیشل کپتان بنائے گئے ہیں،گویا انہوں نے پہلا میچ کھیلا،ہارگئے۔مگر ریکارڈ سے ثابت ہے کہ بابر اعظم اس سے قبل 2020 میں بھی کپتانی کرچکے ہیں،بطور کپتان وہ کامیابی کا ذائقہ چکھ نہیں سکے ہیں،اس طرح بطور کپتان انہیں پہلے میچ کی کامیابی کا بھی انتظار ہے۔
اسکواڈز میں بڑی تبدیلی نہیں ہوگی،پہلا میچ ہارنے والی ٹیمیں ہی اپنے حتمی الیونز کے ساتھ یہ میچ کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔