لاہور، یکم جولائی 2022،پی سی بی پریس ریلیز
پی سی بی نے ایک اور سنٹرل کنٹریکٹ جاری کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 23-2022 کے لیے ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ اعلان کردہ کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 20 خواتین کرکٹرزکو شامل کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ میں 8 کھلاڑیوں کو ترقی جبکہ 3 ، طوبہٰ حسن، گل فیروزہ اور صدف شمس کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سیزن 22-2021 میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سدرہ امین، غلام فاطمہ اور ارم جاوید کو دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویمن پلیئر آف دی مینتھ کا ایوارڈ جیتنے والی 21 سالہ طوبہٰ حسن کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔
طوبہٰ حسن کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر بہت خوش ہیں۔ بالآخر انہیں اپنی سخت محنت کا صلہ ملنا شروع ہوگیا ہے ۔ ان کی تمام تر توجہ میدان میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز ہے، وہ اب اپنی محنت دوگنی کردیں گی۔
سنٹرل کنٹریکٹ،5 پلیئرز نہایت خوش قسمت،33 کو پروانہ جاری
طوبہٰ حسن نے کہاکہ وہ اس سفر میں بھرپور ساتھ دینے پر اپنی تمام سینئر کھلاڑیوں ، دوستوں، اہل خانہ اور اسپورٹ اسٹاف کی مشکور ہیں۔ ان کا واحد مقصد پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔انہیں یقین ہے کہ وہ خود سے جڑی تمام توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔
سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے والی کھلاڑیوں میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض کو کپتان بسمہ معروف کے ہمراہ اے کٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح انعم امین، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل کو بی کٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔ منیبہ علی اور عائشہ نسیم کو کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سیزن 22-2021 میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر جویریہ خان کو سی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
اسماویہ اقبال، چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی
چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ 8 کھلاڑیوں کا ترقی اور 3 کا پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ پانا درحقیقت پاکستان خواتین کرکٹ کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے تاہم انہیں اب بھی بہت محنت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیزن 23-2022 میں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے، وہ پرامید ہیں کہ اس سیزن کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایک مزید بہتر سائیڈ بن کر سامنے آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ سینٹرل کنٹریکٹ نہ صرف کھلاڑیوں کی گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ہوتا ہے بلکہ یہ انہیں آئندہ سیزن میں بھی مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
اسماویہ اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ سیزن میں بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کی مشکور ہیں، وہ امید کرتی ہیں کہ یہ تمام کرکٹرز آئندہ سیزن کے دوران کامن ویلتھ گیمز، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گی۔
ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022ء
کٹیگری اے : بسمہ معروف، ندا ڈار اور عالیہ ریاض
کٹیگری بی: انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل
کٹیگری سی: عائشہ نسیم، منیبہ علی، جویریہ خان، سدرہ امین اور سدرہ نواز
کٹیگری ڈی: غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، صدف شمس اور طوبہٰ حسن