کراچی،پی سی بی پریس ریلیز
دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل آئیں گی
فاتح ٹیم کو ٹرافی سمیت ایک کروڑ جبکہ رنرزاپ کو پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی
پانچ روزہ میچ پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا
پاکستان کے سب سے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کا ڈے اینڈ نائٹ فائنل 25 دسمبر بروز ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔پنک بال سے کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔
سلو اوور ریٹ جرمانے،کرکٹ آسٹریلیا کی آئی سی سی پر تنقید،ہیزل ووڈ تیسرے میچ سے باہر
ناردرن نے ایونٹ کے دس راؤنڈ میچز میں چار فتوحات اور چار میچز ڈرا کرکے 132 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس دوران اسے صرف دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 150 ہے۔ اس دوران انہیں چار میچز میں فتح اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دفاعی چیمپئن کے پانچ راؤنڈ میچز ڈرا پر ختم ہوئے ۔
قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم کو ٹرافی سمیت ایک کروڑ جبکہ رنرزاپ کو پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔پانچ روزہ میچ پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
نعمان علی، کپتان ناردرن
کپتان نعمان علی کا کہنا ہے کہ ناردرن نے ایونٹ کے راؤنڈ میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خصوصاََ اختتامی راؤنڈز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی متاثرکن رہی۔ انہوں نے کہا کہ پنک بال سے ایونٹ کا فائنل کھیلنا ایک مختلف چیلنج ہوگا، جس سے وہ نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔
افتخار احمد، کپتان خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے مقابلے میں رواں سال ایونٹ قدرے زیادہ مسابقتی رہا۔وہ ایونٹ میں خیبرپختونخواہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کی ٹیم ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔
ٹاپ پرفارمرز
خیبرپختونخوا کے صاحبزادہ فرحان فی الحال 924 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ وہ اب تک تین سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جبکہ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 57.75 رہی ہے۔
دوسری جانب ناردرن کے 19 سالہ بیٹر محمد حریرہ بھی تین سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بناکر ٹورنامنٹ میں 878 رنز بناچکے ہیں۔انہوں نے ایونٹ کے دسویں راؤنڈ میں بلوچستان کے خلاف 313 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
باؤلنگ میں خیبرپختونخوا کے ثمین گل 29 اور ناردرن کے مبصر خان 25 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں تاہم اس فہرست میں پہلا نام سدرن پنجاب کے علی عثمان کاہے جو 43 وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست ہیں۔
انعامی رقم
فاتح: ایک کروڑ روپے
رنرزاپ: پچاس لاکھ روپے
بہترین بیٹر: پانچ لاکھ روپے
بہترین باؤلر: پانچ لاکھ روپے
بہترین وکٹ کیپر: پانچ لاکھ روپے
پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: پانچ لاکھ روپے
پلیئر آف دی فائنل: پچاس ہزار روپے
میچ آفیشلز
آن فیلڈ امپائرز: آصف یعقوب اور فیصل آفریدی
ٹی وی امپائر: راشد ریاض
ریزرو امپائر: امتیاز اقبال
میچ ریفری: ندیم ارشد