دبئی،کرک اگین رپورٹ
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے سب کے لئے الارم بجادیا،پاکستان کے لئے تو پہلا بڑا الارم آیا ہے۔ٹی 20 ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں ایونٹ کی ٹاپ فیورٹ سائیڈ نے سیکنڈ فیورٹ انگلینڈ کو بڑی آسانی سے 7 وکٹ سے ہرادیا ہے،آخری 2 اوورز میں درکار 20 اسکور بھارتی بلے بازوں نے صرف 6 بالز پر مکمل کرکے ایک اوور قبل میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کا اسکور معمولی نہیں تھا،اس نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ کے نقصان پر 188 کا مجموعہ سیٹ کیا۔ٹی 20 کرکٹ میں یہ وننگ اسکور ہوتا ہے۔جونی بیئرسٹو کے 36 بالز پر 49 اورمعین علی کے 20 گیندوں پر 43 اسکور قابل قدر کوششوں میں تھے۔اوئن مورگن یہ میچ نہیں کھیلے،کپتانی کرنے والے جونی بیئرسٹو نے 18اور ان کے ساتھ ٹی 20 رینکنگ کے نمبر ون پلیئر ڈیوڈ میلان نے بھی 18 ہی اسکور بنائے۔محمد شامی 40 رنزکے عوض 3 وکٹ کے ساتھ کامیاب ترین بائولر رہے۔
بھارت نے جوابی تعاقب شروع کیا تو8 اوورز میں 82 کا آغاز فتح کی بنیاد بنا۔کے ایل راہول آئوٹ ہونے والے پہلے ہٹر تھے جو 24 بالز پر 51 کی اچھی اننگ کھیل گئے۔کپتان ویرات کوہلی اگر چہ 11 ہی کرسکے لیکن دوسرے اوپنرایشان کشن نے 70 رنزبناکر گویا جیت پر مہر ثبت کی،وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔رشی پنت نے 29 اور ہردک پانڈیا نے 10 رنزبنائے۔بھارت نے مطلوبہ 189 رنزکا ہدف ایک اوور قبل صرف 3 وکٹ پر ہی پورا کرلیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ،سری لنکا کامیاب،سکھ کا سانس
بھارتی ٹیم کا ایک اور پریکٹس میچ ابھی باقی ہے لیکن ورلڈ ٹی 20 کپ میں اس کا پہلا میچ پاکستان کے خلاف ہے اور اس کی یہ پرفارمنس واضح کرتی ہے کہ اس کے لئے ٹی 20 میں کم سے کم 200 سے زائد کا ہدف سیٹ کرنا ہوگا۔اس سے کم اسکور کی کوئی سکیورٹی نہیں ہوگی،روایتی حریف 24 اکتوبر کو آمنے سامنے ہونگے۔ورلڈ ٹی 20 کپ میں آج پاکستان نے بھی اپنا پریکٹس میچ 7 وکٹ سے جیتا تھا۔اگلے میچز اب 20 اکتوبر کو ہونگے۔