دبئی،کرک اگین رپورٹ
Image By cricket west indies
دو ہاری ہوئی ٹیمیں آج منگل 26 اکتوبر کو دبئی میں مدمقابل ہونگی۔جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ 2021 کے سپر 12 کا اہم ترین میچ کھیل رہیں۔اتفاق سے دونوں کا آغاز ناکامی سے ہوا۔دونوں سائیڈز بیٹنگ میں فلاپ ہوئی ہیں۔دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ نے 55 پر ڈھیر کر کے میچ جیتا تھا۔پروٹیز کینگروز کے سامنے سر نہ اٹھاسکے تھے اور 118 پر آئوٹ ہوکر ہار گئے تھے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا فارمیٹ بھی ایسا،اوپر سے گروپ 1 ویسے ہی سخت،جہاں 5، کیا بلکہ تمام 6 ممالک امیدوار ہیں۔ایسے میں ایک شکست کے بعد دوسری ناکامی سیمی فائنل کی لائن سے باہر کردے گی،پھر اگر ،مگر اور اگر سے ہارنے والی ٹیم اپنے اگلے میچز جیت کر سمی فائنل میں آجائے تو آجائے۔دوسری صورت میں ایونٹ سے اخراج کا راستہ سامنے ہوگا۔
ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا دبئی میں مدمقابل ہونگے،یہاں اہم بات یہ ہوگی کہ دن کا میچ ہے۔پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔پاک بھارت میچ کی طرح نائٹ کرکٹ کی دوسری اننگ گلے نہیں پڑے گی۔ویسٹ انڈیز میں پروٹیز چند ماہ قبل 5 میچز کی ٹی 20 سیریز 2-3 سے جیت گئے تھے،حالیہ کارکردگی میں بھی وہ ابھی تک اپنے اس حریف سے بہتر ہیں۔ہفتہ کے روز ویسٹ انڈیز ٹیم کا 55 پر چلے جانا محض حماقت تھی،اسی پچ پر پاک بھارت میچ نے ثابت کیا کہ بیٹنگ ممکن ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ میں یہ ٹیمیں چوتھی بار آمنے سامنے ہونگی۔پروٹیز نے 2007 اور 2009 کے ایونٹس میں فتح اپنے نام کی۔ویسٹ انڈین ٹیم 2016 میں جیتی تھی۔اس طرح 3 میچز میں پروٹیز کو سبقت حاصل ہے۔
دیکھنا یہ ہوگا کہ دفاعی چیمپئن ٹیم واپسی کرتی ہے یا نہیں۔اس لئے کہ ایک میچ میں پوری بیٹنگ کا گرجانا ایک اتفاق ہوسکتا ہے،اچھی ٹیمیں واپس کھڑی ہوجاتی ہیں،جتنے بڑے اور تجربہ کار نام اس ٹیم میں موجود ہیں وہ 55 کے بعد 255 بنانے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں،با یہ ہے کہ ٹیم کا کمبی نیشن کلک کرتا ہے یا نہیں۔پروٹیز ٹیم کے پاس بھی جاندار پلیئرز موجود ہیں،اس لئے میچ کڑا ہوسکتا ہے۔ویسے اس میچ کے لئے جنوبی افریقا فیورٹ ہے۔ہارنے والی ٹیم 80 فیصد سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگی۔