کراچی 27 اکتوبر، 2023:ء
پاکستان انڈر19 نے سری لنکا انڈر19 کے خلاف تیسرا ون ڈے 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ اسطرح اسے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ پہلا ون ڈے سری لنکا انڈر19 نے58 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان انڈر19 نے 59 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔جمعہ کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز اسکور کیے جس میں روساندا گاماگے کی سنچری نمایاں تھی۔ انہوں نے 127 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 110 رنز اسکور کیے۔شروجان شنموگا ناتھن نے 61 رنز اسکور کیے۔پاکستان انڈر کی طرف سے آفتاب احمد نے31 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ عبید شاہ اور محمد ابتسام نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان انڈر19 نے شامل حسین کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں مطلوبہ اسکور 45.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔شامل حسین نے صرف 109گیندوں پر 150 رنز اسکور کیے جس میں13 چوکے اور7 چھکے شامل تھے۔ریاض اللہ نے 48 رنز اسکور کیے۔ہارون ارشد 27 اور عرفات منہاس 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عرفات منہاس کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز بناکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
مختصر اسکور
سری لنکا انڈر19 289 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) روساندا گاماگے 110، شروجان شنموگا ناتھن 61، آفتاب احمد 31 / 3 وکٹ
پاکستان انڈر 19 293 رنز 4کھلاڑی آؤٹ ( 45.5اوورز ) شامل حسین 150، ریاض اللہ 48 ناٹ آؤٹ، عرفات منہاس34 ناٹ آؤٹ