میلبورن،کرک اگین رپورٹ
کووڈ مثبت کیسز سے انگلینڈ چارج،آسٹریلیا کو 267 پر ڈھیر کردیا۔ایشز کرکٹ سیریز میں پہلی بار انگلش ٹیم میں کرنٹ آگیا ہے،میلبورن میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کی دوسری صبح اپنے کیمپ میں 4 کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود بھی انگلش ٹیم پلٹ کرکھڑی ہوئی ہے،اس نے میزبان آسٹریلیا کی اچھی خاصی بیٹنگ لائن اپ کے پرخچے اڑادیئے ،اس کے بڑی برتری لینے کے خواب فضا میں بکھیردیئے ہیں۔
میلبورن ٹیسٹ،انگلش ٹیم پر کووڈ کا حملہ،4 مثبت کیسز،سیریز پر خطرات کے بادل
ایم سی جی میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام تھا،جب اس نے انگلینڈ کو پہلی اننگ میں صرف 185 اسکور پر فارغ کردیا تھا،کھیل کے خاتمہ تک اس نے 1 وکٹ پر 61 اسکور بنائے تھے ۔پیر کی دوسری صبح اس کے لئے بھی حیران کن رہی،جب مہمان بائولرز نے ان کے پائوں سے بھی ایم سی جی کی پچ نکال دی۔100 سے پہلے پہلے 3 اور 200 سے پہلے6 کھلاڑی باہر نکال دیئے۔219 تک 8 وکٹیں اڑادی تھیں،نتیجہ میں آسٹریلیا کی ٹیم 267 اسکور پر آئوٹ ہوگئی۔
اننگ کی خاص بات یہ رہی ہے کہ مارکوس ہیرس 76،لبوشین ایک،سٹیون سمتھ 16،نیتھن لائن 10، ٹریوس ہیڈ 27 اور کیمرون گرین 17 کرکے گئے۔ایلکس کیری نے 19،کپتان پیٹ کمنز نے 21 اور مچل سٹارک نے اہم 24 اسکور کئے۔آسٹریلیا کو 82 اسکور کی سبقت ملی۔
انگلینڈ کی جانب سے جمی اینڈرسن نے 33 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔اولی رابنسن اور مارک ووڈ نے 2،2 کھلاڑی آئوٹ کئے ہیں۔
انگلش ٹیم کی دوسری اننگ شروع ہوگئی ہے۔اس نے 2وکٹ کے نقصان پر 7رنزبنالئے تھے۔11 اوورز کا کھیل ابھی باقی تھا۔آسٹریلیا نے 267 اسکور کے لئے 88 کے قریب اوورز بیٹنگ کی ہے۔
انگلینڈ 5 میچزکی سیریز میں 2 میچز ہار کر خسارے میں ہے،اسی میچ سے واپسی کرکے سیریز بچاسکتا ہے،دوسرا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لئے بھی یہ سیریز اہم ہے،جہاں اس کی پوزیشن خراب ہوگئی ہے۔