بولاوایو ۔کرک اگین رپورٹ۔ فاسٹ بولرز احمد دانیال اور شاہنواز دھانی زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ آج (بدھ) پاکستان واپس آئیں گے۔
احمد کو ہمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ شاہنواز کو اتوار کے ٹریننگ سیشن کے دوران بائیں ٹخنے میں چوٹ لگی۔ ابتدائی اسکین اور طبی جائزوں نے ان کی انجریز کی تصدیق کردی ہے۔لاہور واپسی پر دونوں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے جہاں وہ بحالی کے عمل سے گزریں گے اور کرکٹ میں محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مقررہ پروٹوکول پر عمل کریں گے۔ان دونوں کی جگہ عباس آفریدی اور جہانداد خان کو شامل کیا گیا ہے جو بولاوایو پہنچ کر جمعرات کو سیریز کے فیصلہ کن میچ کے سلیکشن کے لیے دستیاب ہونگے۔ دونوں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں جو یکم، تین اور پانچ دسمبر کو بولاوایو میں ہی کھیلی جائے گی۔
دریں اثنا تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں احمد دانیال کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔ عامر ون ڈے اسکواڈ کے رکن ہیں اور دونوں ون ڈے کھیلے ہیں۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: سلمان علی آغا (کپتان) عامر جمال، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ ( وکٹ کیپر) جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان۔