لاہور۔کرک اگین رپورٹ ۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سیزن ٹو کے افتتاحی مقابلے میں بیکن ہاؤس نے ایچی سن کالج کو 20 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دیگر اہم شخصیات اور مہمانوں کے ہمراہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز (سیزن 2) کا باقاعدہ افتتاح کیا، جبکہ وہ میچ کے اختتام پر تقریبِ تقسیمِ انعامات میں بھی دیگر مہمانوں کے ساتھ موجود تھے۔
بیکن ہاؤس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں پر 244 رنز بنائے۔ یعقوب خان نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ رائے علی امجد 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایچی سن کی طرف سے حسن مدثر نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں ایچی سن کالج کی ٹیم 38.2 اوورز میں 224 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سفیان سراج کے 50 اور ذوالنورین کے ناٹ آؤٹ 42 رنز بھی ٹیم کو ہدف تک نہ پہنچا سکے۔
بیکن ہاؤس کے تمام سات بالرز نے کم از کم ایک ایک وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔ آل راؤنڈر یعقوب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سال اسکولز ٹورنامنٹ کو بڑے پیمانے پر پھیلایا گیا ہے، جس میں ملک بھر کے 100 اضلاع سے 1400 اسکولز شریک ہیں اور دسمبر تک مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے۔
