راولپنڈی۔کرک اگین رپورٹ ۔ عرفات منہاس کا جادو،انگلش ٹیم جکڑی گئی،بڑی شکست ۔سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے ہی معرکے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف انگلینڈ کو عبرت ناک شکست سے دوچار کر دیا ۔ کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں گرین شرٹس نے انگلینڈ کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔عرفات منہاس مرد میدان رہے۔ کیریئر بیسٹ بولنگ کی۔ آل راؤنڈ پرفارمنس دی۔
انگلش کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پنڈی کی پچ پر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ان کا خیال تھا کہ شام کے وقت پڑنے والی اوس بیٹنگ کو آسان بنا دے گی، لیکن پاکستانی شاہینوں نے ان کی تمام تر امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کی پوزیشن کافی نازک تھی جب اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس اٹکنسن کی پہلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے، جبکہ صائم ایوب بھی محض 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اس کے بعد اسٹار بلے باز بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر اننگز کو کچھ سنبھالا، مگر وہ بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے، جبکہ آغا سلمان علی بھی صرف 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 133 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان حسن نواز اور آل راؤنڈر عرفات منہاس نے پاکستانی اننگز کو زبردست استحکام بخشا۔حسن نواز نے انتہائی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کا بھرپور ساتھ دینے والے عرفات منہاس نے بھی اپنے بلے کا جادو جگایا اور 58 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی دلکش اننگز تراشی ہےآخری اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ انداز اپنایا اور محض 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 39 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 302 رنز تک پہنچا دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے بولنگ میں سونی بیکر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 9 اوورز میں 65 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن نے 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ جیمی اوورٹن، سیم کرن، ول جیکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبرکے مطابق 303 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 38.4 اوورز میں محض 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ میچ کے اصل ہیرو اور مردِ میدان عرفات منہاس رہے، جنہوں نے پہلے بلے سے جوہر دکھائے اور پھر گیند سنبھالتے ہی انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ عرفات منہاس نے جادوئی اسپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 8.4 اوورز میں صرف 40 رنز دے کر انگلینڈ کے 6 اہم بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ عرفات کا ساتھ دیتے ہوئے حارث رؤف نے 32 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن کی 57 اور بین ڈکٹ کی 45 رنز کی اننگز بھی انہیں شکست سے نہ بچا سکیں۔ اس شاندار اور تاریخی فتح کے بعد پاکستان نے سیریز کے پوائنٹس ٹیبل پر 4 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور فائنل میں اپنی جگہ تقریباً پکی کر لی ہے۔
