سڈنی۔کرک اگین رپورٹ ۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر کرکٹ آسٹریلیا کا عثمان خواجہ کے تازہ ترین انکشافات اور آنے والی کتاب کے حوالے سے پہلا بڑا رد عمل آگیا ہے۔
کیپ ٹاؤن اسکینڈل کا جن ایک بار پھر بوتل سے باہر آ گیا ہے، اور اس بار دھماکہ کسی اور نے نہیں بلکہ آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے کیا ہے۔ 2018 کا وہ بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، جس نے کینگروز کی ساکھ کو مٹی میں ملا دیا تھا، ایک بار پھر کرکٹ دنیا میں بھونچال لے آیا ہے۔ عثمان خواجہ کی نئی آپ بیتی صبر نے آسٹریلوی ڈریسنگ روم کے وہ راز فاش کر دیے ہیں جنہیں کرکٹ آسٹریلیا شاید ہمیشہ کے لیے دفن کرنا چاہتا تھا۔ لیکن کیا کرکٹ بورڈ سچ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے؟
عثمان خواجہ کا وہ دعویٰ جس نے سب کے ہوش اڑا دیے
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں صاف لکھ دیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے اس بدنام زمانہ دورے پر پوری آسٹریلوی ٹیم کو معلوم تھا کہ ریگ مال (سینڈ پیپر) کا استعمال ہو رہا ہے۔ یہ دعویٰ اس لیے سنسنی خیز ہے کیونکہ اب تک صرف تین کھلاڑیوں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو ہی قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا۔ خواجہ نے ایک اور حیران کن سوال اٹھایا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران وہ ڈریسنگ روم میں بینکرافٹ کے بالکل ساتھ بیٹھے تھے، لیکن حیرت کی بات ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ان سے کبھی کوئی انٹرویو یا پوچھ گچھ تک نہیں کی۔
ڈیوڈ وارنر نے بھی خواجہ کی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے ان کے بیان کو 100 فیصد درست قرار دے دیا ہے اور بورڈ کی پرانی تحقیقات کو جلد بازی میں کی گئی ناقص کارروائی کہہ کر کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔
بولرز کا جھوٹ یا خواجہ کا سچ؟ متنازعہ ٹکراؤ
خواجہ کا یہ سنسنی خیز انکشاف سڈنی سے لے کر میلبورن تک سسپنس کی نئی لہر دوڑا گیا ہے۔ 2021 میں آسٹریلیا کے نامور بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون—نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے قسم کھائی تھی کہ انہیں بال ٹیمپرنگ کا کوئی علم نہیں تھا۔
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا آسٹریلیا کے ورلڈ کلاس بولرز جھوٹ بول رہے تھے یا عثمان خواجہ کا دعویٰ جھوٹا ہے؟ ڈریسنگ روم کا یہ تضاد کرکٹ آسٹریلیا کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کا حتمی فیصلہ: فائلیں بند رہیں گی
اس پورے ہنگامے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ بالآخر میڈیا کے سامنے آئے ہیں۔ لیکن اگر آپ کو لگتا ہے کہ بورڈ سچائی جاننے کے لیے دوبارہ انکوائری کرے گا، تو آپ غلط ہیں۔ گرین برگ نے تحقیقات دوبارہ کھولنے کے امکان کو صاف مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے ایس ای این سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ
ہمارے پاس تحقیقات کو دوبارہ کھولنے یا اس معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لینے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اب ایسا کرنے سے کوئی فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔
گرین برگ کا کہنا ہے کہ ماضی میں کھلاڑیوں کے پاس آگے آنے کے پورے 8 سال تھے، اور اب بھی ہیں۔ لیکن وہ سرخیوں کو دیکھ کر جذباتی فیصلہ نہیں کریں گے۔ بورڈ اپنے پرانے نتائج پر مطمئن ہے، چاہے ڈیوڈ وارنر جتنا بھی شور مچائیں کہ اس ناقص انکوائری کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔
کہانی کا سسپنس۔ بورڈ سچ سے کیوں بھاگ رہا ہے
ٹوڈ گرین برگ کا ماننا ہے کہ اس معاملے کو جتنا کھریدیں گے، متنازعہ بیانات اتنے ہی بڑھیں گے کیونکہ “ایک ہی لمحے کے بارے میں انتہائی متضاد آراء موجود ہیں”۔ لیکن کرکٹ فینز کے ذہنوں میں یہ سوال اب بھی گردش کر رہا ہے: اگر پوری ٹیم اس گناہ میں شامل تھی، تو صرف تین کھلاڑیوں کو ہی سزا کیوں ملی؟ کیا کرکٹ آسٹریلیا اپنے موجودہ اسٹار بولرز کو بچانے کے لیے اس انکوائری پر مٹی ڈال رہا ہے؟ سچ جو بھی ہو، عثمان خواجہ کی کتاب نے آسٹریلوی کرکٹ کے چہرے سے شرافت کا نقاب ایک بار پھر نوچ دیا ہے۔
