راولپنڈی۔کرک اگین رپورٹ ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل مکمل ہونے پر مہمان ٹیم سری لنکا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ کرکٹ بریکنگ نیوز ہے یہ سری لنکن ٹیم اس وقت مکمل طور پر ڈرائیونگ سیٹ پر ہے اور اس کی نظریں پاکستان کو ایک اننگز سے شکست دینے پر ٹکی ہوئی ہیں۔
تیسرے روز کے اختتام تک سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے ہیں۔ ایک وقت ایسا تھا جب پاکستانی باؤلرز نے 155 رنز پر سری لنکا کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا تھا، لیکن اس کے بعد کپتان کشال مینڈس اور دھنجایا ڈی سلوا نے پاکستانی بولنگ لائن کو بے بس کر دیا۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری قائم کی اور اگلے دو سیشنز میں پاکستان کو کوئی وکٹ لینے نہ دی۔
جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو دھنجایا ڈی سلوا 167 رنز اور کپتان کشال مینڈس 117 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل کوشل مینڈس (اوپنر) 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ سری لنکا نے دن کا آغاز 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا اور اب وہ ایک بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
پاکستان کا ناتجربہ کار بولنگ اٹیک میچ میں بری طرح ناکام ثابت ہوا۔ محمد عباس اور ثاقب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رضا اللہ نے 23 اوورز میں 127 رنز لٹائے اور انہیں کوئی وکٹ نہ ملی۔ عرفات منہاس بھی 21 اوورز میں 92 رنز دینے کے باوجود خالی ہاتھ رہے۔
سری لنکا کی موجودہ پلاننگ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ چوتھے دن کے اختتام تک بیٹنگ جاری رکھ کر پاکستان کو دباؤ میں لائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی دوسرا ٹیسٹ میچ بھی راولپنڈی منتقل کر چکا ہے اور اس کی ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔ موجودہ کارکردگی کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کے بجائے سری لنکا کا ہوم گراؤنڈ بن چکا ہے۔
