سڈنی۔کرک اگین رپورٹ ۔بریکنگ نیوز ہے کہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کے لیے کپتانی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ از خود یہ فیصلہ کب کرتے ہیں کیونکہ موجودہ حالات میں ان کے ساتھی کھلاڑی بھی شاید ان پر وہ اعتماد نہ کر سکیں جو چند روز پہلے تک تھا۔
پیٹ کمنز پر تازہ ترین وار ان کے ساتھی کھلاڑی بینکرافٹ نے کیا ہے۔ کیمرون بینکرافٹ ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں آسٹریلیا نے 2018 کے مشہور زمانہ بال ٹیمپرنگ یعنی سینڈ پیپر اسکینڈل ثابت ہونے کے الزام میں سزائیں دی تھیں، اور کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی لگی تھی۔
عثمان خواجہ کی کتاب کی اشاعت کے بعد پیٹ کمنز نے 70 منٹ کے قریب کی اس پریس کانفرنس میں اسے بکواس قرار دیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ ہمیں یعنی فاسٹ بولرز کو اس بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔ اس دعوے کی تردید پہلے عثمان خواجہ نے کی، پھر ڈیوڈ وارنر نے، اور اس کے بعد آسٹریلیا کے ایک سابق فاسٹ بولر نے۔ اب چوتھی بڑی گواہی ایک ایسے کھلاڑی کی آئی ہے جو اس پوری سیریز میں شامل تھے اور اس متنازع اور بدنام زمانہ اسکینڈل کے مرکزی کردار تھے کہ انہوں نے سینڈ پیپر سے بال کو ٹیمپر کرنا تھا۔
بینکرافٹ نے کہا ہے کہ ٹیم کو علم تھا اور بولرز کو بھی علم تھا، ان کے سامنے ایک میٹنگ میں میرے کردار پر بات ہوئی اور وہ سب سن رہے تھے۔
اب صورتحال یہ ہے کہ آسٹریلوی کپتان کا عہدہ بڑا وزن دار ہوتا ہے اور اس کے امیج کا صاف ستھرا ہونا ضروری ہے۔ پیٹ کمنز ایک مین فاسٹ بولر ہیں لیکن اب وہ ایک سکینڈل میں پھنس گئے ہیں اور انہوں نے اندرونی طور پر اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ یہی حال مچل اسٹارک اور یہی حال نیتھن لائن کا ہے۔ فی الحال ان کو ڈراپ ہونے سے جو چیز بچا سکتی ہے وہ یہ ہے کہ ان چار بڑے بولرز کا کوئی متبادل موجود نہیں ہے، لیکن دیکھنا ہوگا کہ آسٹریلیا کے یہ چار عظیم بولرز کب تک اس صورتحال کا سامنا کرتے ہیں۔ امکان ہے کہ اگلی ایشیز سیریز تک شاید ان میں سے اکثر ٹیم میں نہ ہوں۔
