بالی۔کرک اگین رپورٹ ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز۔ آئی سی سی نے 2035 تک کے میگا ایونٹس، ورلڈ کپ کوالیفائرز اور اولمپکس کا روڈ میپ جاری کر دیا
بالی سے آئی سی سی اجلاس کے مطابق عالمی کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ ایک دہائی یعنی 2035 تک کے تمام بڑے مینز ایونٹس، ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈز اور اولمپکس کوالیفائرز کے حتمی شیڈول اور فارمیٹ کی منظوری دے دی ہے۔
انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اہم اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے، جن کا مقصد عالمی کرکٹ کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا اور ایسوسی ایٹ ممالک کو آگے بڑھنے کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبروں کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ طویل مدتی شیڈول کے اعلان سے کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈز کو مستقبل کی منصوبہ بندی اور بہترین تیاری کا بھرپور موقع ملے گا۔
لاس اینجلس اولمپکس کوالیفائرز۔ امریکہ اور بنگلہ دیش میزبانی کریں گے۔
اولمپک گیمز 2028 میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے کوالیفائنگ مرحلے کی تاریخوں اور میزبان ممالک کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
مینز اولمپک کوالیفائر۔ یہ ٹورنامنٹ 5 سے 13 فروری 2028 تک امریکہ میں کھیلا جائے گا۔
ویمنز اولمپک کوالیفائر۔ خواتین کا ایونٹ 26 فروری سے 5 مارچ 2028 تک بنگلہ دیش کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔
فارمیٹ۔ دونوں ایونٹس میں آٹھ آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی جنہیں چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر 13 میچز ہوں گے اور دونوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلیں گی، جہاں فاتح ٹیم اولمپکس کے لیے حتمی ٹکٹ کٹوائے گی۔
آئی سی سی مینز میگا ایونٹس کا مکمل شیڈول (2028 تا 2035)
آئی سی سی بورڈ نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے لے کر 2035 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک کے تمام بڑے ٹورنامنٹس کی ونڈوز (تاریخوں) کی تصدیق کر دی ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
2028 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ 12 اکتوبر تا 12 نومبر۔
2029 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل انگلینڈ 8 تا 12 جون۔
2029 آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی بھارت 9 تا 28 اکتوبر۔
2030 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ 4 جولائی تا 4 اگست
2031۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل انگلینڈ 12 تا 16 جون 2031.
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ بھارت، بنگلہ دیش 9 اکتوبر تا 23 نومبر.
2032 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فیصلہ ہونا باقی 14 اکتوبر تا 14 نومبر۔
2033 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل فیصلہ ہونا باقی 9 تا 13 جون۔
2033 آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی فیصلہ ہونا باقی 2 تا 23 اکتوبر۔
2034 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فیصلہ ہونا باقی 6 جولائی تا 6 اگست۔
2035 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل فیصلہ ہونا باقی 7 تا 11 جون۔
2035 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ۔ فیصلہ ہونا باقی۔ 2 اکتوبر تا 18 نومبر۔
ورلڈ کپ کوالیفائرز کے نئے فارمیٹس کی تفصیلات
اجلاس میں تین بڑے ورلڈ کپ ایونٹس کے کوالیفائنگ راؤنڈز کا طریقہ کار بھی طے کر لیا گیا ہے۔
1. مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کوالیفائر:
فروری اور مارچ 2027 میں شیڈول اس کوالیفائر میں 10 ٹیموں کے درمیان 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ پانچ پانچ ٹیموں کے دو گروپس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل ہوگا۔ ٹاپ چار ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی، جہاں فائنل جیتنے والی ٹیم براہِ راست ورلڈ کپ 2027 کے گروپ مرحلے میں پہنچے گی، جبکہ باقی تین ٹیمیں آخری جگہ حاصل کرنے کے لیے “سپر سیریز” میں مدمقابل ہوں گی۔
2. مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کوالیفائر:
2028 کی پہلی سہ ماہی میں ہونے والے اس گلوبل کوالیفائر میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل 31 میچز کھیلے جائیں گے۔ چار گروپس کے بعد کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ سے مجموعی طور پر 8 ٹیمیں ورلڈ کپ 2028 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں براہِ راست جگہ بنا لیں گی، جبکہ باقی چار نشستوں کا فیصلہ علاقائی نمائندگی ، پوائنٹس، فتوحات اور نیٹ رن ریٹ کے قوانین کے تحت ہوگا۔
3. ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کوالیفائر۔
خواتین کے گلوبل کوالیفائر میں نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں براہِ راست شریک ہوں گی، جنہیں 2027 میں ہونے والے پانچ ریجنل ایونٹس سے آنے والی 8 ٹیمیں جوائن کریں گی۔ ان 8 نشستوں میں سے افریقہ، ایشیا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک کو دو دو، جبکہ امریکہ اور یورپ کو ایک ایک نشست دی گئی ہے۔ گلوبل کوالیفائر کی ٹاپ دو ٹیمیں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کا حصہ بنیں گی۔
