سڈنی۔کرک اگین رپورٹ ۔کرکٹ بریکنگ نیوز۔ اہم موڑ پر کرکٹ آسٹریلیا نے ثابت کر دیا ہے کہ بحرانوں میں ریاستی حکمتِ عملی کسے کہتے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب 2018 کے بدنامِ زمانہ کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ (سینڈ پیپر) سکینڈل کی فائل دوبارہ کھل چکی ہے اور پیٹ کمنز شدید اخلاقی دباؤ کی زد میں ہیں، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے انہیں تنہا چھوڑنے کے بجائے بھرپور اعتماد دیتے ہوئے دوبارہ کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان اگلے چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں اس بات کی گواہی دے رہی ہیں کہ حالیہ ہفتہ آسٹریلوی کرکٹ کے لیے کسی زلزلے سے کم نہیں تھا۔ عثمان خواجہ کی کتاب میں اس انکشاف کے بعد کہ سینڈ پیپر منصوبے کا علم پوری ٹیم اور بولرز کو تھا، ڈیوڈ وارنر، ایک سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پھر سزا یافتہ کیمرون بینکرافٹ کے 4500 الفاظ پر مشتمل دھماکہ خیز بیان نے بورڈ کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا۔ عوام ان گواہیوں کو سچ مان چکی تھی اور پیٹ کمنز کی قیادت خطرے میں نظر آ رہی تھی، مگر بورڈ نے اندرونی فورم بنا کر معاملے کو سنبھالا اور اپنے کپتان کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب سسپنس سے بھرپور ایک اور ڈرامائی منظر سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں دیکھنے کو ملا، جہاں 37 سالہ سابق کپتان سٹیو سمتھ اپنی انجری کی ٹریٹمنٹ مکمل کرنے کے بعد اتوار سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک ایونٹ شیفیلڈ شیلڈ کے میچ کی تیاری کے لیے نیو ساؤتھ ویلز بلیوز کے تربیتی کیمپ میں اترے۔ سمتھ کی گراؤنڈ میں آمد کو اس قدر خفیہ رکھا گیا کہ انہیں پچھلے دروازے سے اندر لایا گیا اور وہاں موجود تمام صحافیوں کو فوری طور پر گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا۔
میڈیا نمائندگان کو سٹیو سمتھ کی بیٹنگ کی ویڈیو بنانے سے سختی سے روک دیا گیا۔ چند فوٹوگرافرز دور سے ان کی تصویریں لینے میں تو کامیاب رہے مگر کیمرے کی آنکھ ان کی فوٹیج محفوظ نہ کر سکی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی اس حکمتِ عملی کا واضح مقصد یہ ہے کہ اس حساس مرحلے پر سٹیو سمتھ میڈیا کے چبھتے ہوئے سوالات کا سامنا نہ کریں اور کوئی نیا تنازع جنم نہ لے سکے۔
باخبر ذرائع نے آسٹریلوی میڈیا (سڈنی مارننگ ہیرالڈ) کو تصدیق کی ہے کہ سٹیو سمتھ اپنے ساتھی بولرز پر کسی قسم کا الزام لگانے کے لیے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ عثمان خواجہ، کیمرون بینکرافٹ اور دیگر کے حالیہ بیانات کے باوجود سمتھ اور آسٹریلوی بولرز کے درمیان تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں آئی ہے اور ڈریسنگ روم کا ماحول متحد رکھنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے اعلیٰ حکام کا ماننا ہے کہ اندرونی فورم کے قیام اور پیٹ کمنز پر اعتماد کے اظہار کے بعد اس پرانے باب کو ہمیشہ کے لیے بند کیا جا سکتا ہے۔ یہ خاموشی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گی کیونکہ اتوار کو شیفیلڈ شیلڈ کا میچ کھیلنے والے اسٹیو اسمتھ کو بالاخر 9 دسمبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل میڈیا کے سامنے آنا ہی پڑے گا۔
فی الحال کرکٹ کی دنیا کی نظریں اگلے چند گھنٹوں میں ہونے والے باضابطہ اعلان پر جمی ہوئی ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی کپتانی پر مہر ثبت کر کے اور سٹیو سمتھ کو میڈیا کی نظروں سے اوجھل رکھ کر یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ بیرونی دباؤ کے بجائے اپنی شرائط پر معاملات چلانے کا فن جانتے ہیں۔
