لاہور،کرک اگین اگین رپورٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی بائولنگ کوچ ورنن فلینڈرز نے اپنے ایک ٹویٹ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو آئینہ دکھادیا،دوسرے لفظوں میں شرمندہ کیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم مشن ورلڈ ٹی 20 کپ 2021 کے لئے جمعہ کو روانہ ہوئی ہے،روانگی کے موقع پر جنوبی افریقا کے سابق پیسر نے ایک ٹویٹ کی ہے۔پروٹیز پیسر کو رمیز راجہ کی قیادت میں کام کرنے والی پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم نے ورلڈ ٹی 20 کے لئے بائولنگ کوچ بنایا تھا۔وہ ٹیم کی تیاری کے لئے مختصر دورے پر لاہور آئے تھے۔انہوں نے بائیو سیکیور ببل میں وقت گزارا۔قومی کرکٹرز کی کوچنگ بھی کی۔
جوفرا آرچر کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں 6 پلیئرز کو دیکھنےکا انتظار،پاکستانی بھی شامل
دبئی روانگی کے موقع پر فلینڈر نے لکھا ہے کہ پاکستان آمد پر مجھے شاندار میزبانی ملی ہے،مجھے بہت اچھے انداز میں سب نے ویلکم کیا ہے،میں نے ایک ایک لمحہ انجوائے کیا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ میں جلد واپس یہاں لاہور،پاکستان میں ہوں گا۔اب آگے بڑھتے ہیں۔امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈ ٹی 20 میں ناقابل یقین کارکردگی پیش کریں گے۔
ورنن فلینڈرز کے اس پیغام میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سمیت سب کے لئے ایک خفیہ پیغام بھی ہے کہ پاکستان محفوظ ترین ملک ہے اور یہاں آنے والے دوبارہ واپسی کی تمنا کرتے ہیں۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ اپنے دورے ختم کرکے پاکستانی کرکٹ کودفن کرنے کی ایک کوشش کی تھی اور کیویز نے تو ایک فیک نیوز پر ہی یکطرفہ کام کرڈالا تھا۔