شارجہ ۔کرک اگین رپورٹ۔
فارمیٹ بدل گیا، تاریخ بدل گئی، لیکن زمبابوے کی قسمت نہیں بدلی۔ کرکٹ بریکنگ نیوز ۔افغانستان کے خلاف ٹی20 سیریز کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں پہلے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو 37 رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور ان کی پوری ٹیم مقررہ اوورز سے ایک گیند قبل ہی 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغان بلے بازوں میں اعجاز احمد نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ شاہد اللہ نے 46 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، جس کی بدولت ٹیم ایک مضبوط اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔
جواب میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کا آغاز دیکھ کر ایسا لگا جیسے وہ میدان میں اترنے سے پہلے ہی ہار مان چکی ہو۔ زمبابوے کی جانب سے کوئی بھی بیٹر قابلِ ذکر اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم اننگ کی 5 گیندیں قبل محض 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ افغانستان کے بولرز نے زبردست گرفت برقرار رکھی، خصوصاً فضل حق فاروقی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ باقی اکثریتی بولرز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
زمبابوے کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں (یعنی میچ ختم ہونے سے 5 گیندیں پہلے ہی) 140 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، اور اہم بات یہ تھی کہ کسی بھی موقع پر انہوں نے افغانستان کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دیا۔ اس دوران راشد خان کی جادوئی اسپن بولنگ بھی دیکھنے لائق تھی، جبکہ دیگر بولرز نے بھی خوب جان ماری۔
افغانستان کے لیے اب ان کا ہوم گراؤنڈ (صحرائی قلعہ) ناقابلِ شکست بن چکا ہے، جسے دنیا کی کوئی بھی ٹیم عبور نہیں کر پا رہی۔ افغان ٹیم نے اسی میدان پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ ڈرا کھیلا، جس کے بعد کھیلے گئے تین ملکی ون ڈے کپ کے فائنل میں زمبابوے کو ہی ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اب زمبابوے کے خلاف ہوم ٹی20 سیریز کے پہلے ہی میچ میں شاندار جیت حاصل کر کے افغانستان نے اپنے ناقابلِ شکست ہونے کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔
