لاہور ۔کرک اگین رپورٹ ۔ پی ایس ایل 12 ونڈو کا اعلان،ابتدائی شیڈول اور تفصیلات
پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے سجے گا: ونڈو فائنل، پشاور زلمی ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے برانڈ، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کا کاؤنٹ ڈاؤن باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ پی سی بی گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز کے مابین مشاورت کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی ونڈو فائنل کر دی گئی ہے، جس کے تحت کرکٹ کا یہ دلفریب میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجایا جائے گا۔
رواں سیزن بھی مسلسل دوسری بار 8 ٹیموں کے فارمیٹ پر کھیلا جائے گا، جس سے مقابلوں میں مزید سنسنی اور شدت آنے کی توقع ہے۔
اس بڑی ونڈو کا فیصلہ ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جو یکم ستمبر کو لندن میں منعقد ہوا تھا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیگ کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور سیزن 12 کو یادگار بنانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے گزشتہ سیزن کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا بھر کو اس لیگ کی حقیقی صلاحیت اور طاقت دکھائی۔ گزشتہ سیزن میں جہاں میدان کے اندر سنسنی خیز لمحات دیکھنے کو ملے، وہی میدان کے باہر براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے اور قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ شرکت نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔”
انہوں نے مزید عزم ظاہر کیا کہ پی سی بی اگلا سیزن اس سے بھی زیادہ شاندار اور یادگار بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے نئے سیزن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2027 میں شائقین کرکٹ کی توقعات پر پورا اترنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا:
“پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان تو محض پہلا قدم ہے، ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس بار تمام آٹھ ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم دکھائی دے رہی ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں کرکٹ فینز اس میلے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔
پشاور زلمی۔ 9 سالہ انتظار کا خاتمہ اور اعزاز کا دفاع
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل پشاور زلمی نے اپنے نام کیا تھا۔ زلمی نے سنسنی خیز فائنل مقابلے میں حیدرآباد کنگزمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نو سال طویل انتظار کے بعد ٹرافی اٹھائی تھی۔ اب سیزن 12 میں زلمی کی ٹیم اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔
پلیئر آکشن اور شیڈول کا اعلان جلد متوقع
پی سی بی حکام کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی بار روایتی ڈرافٹ کی جگہ ‘پلیئر آکشن’ (کھلاڑیوں کی بولی) کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ سیزن 12 کے لیے بھی ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میچز کے باقاعدہ شیڈول، وینیوز (میدانوں) اور ٹکٹوں کی فروخت کی تفصیلات بھی آنے والے دنوں میں جاری کی جائیں گی۔
