لاہور۔کرک اگین رپورٹ ۔
سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد، ترقیاتی کاموں کا جائزہ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں جاری ترقیاتی کاموں اور ہائی پرفارمنس پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 پروگرامز سمیت ایتھلیٹ مینجمنٹ سسٹم اور کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے جدید نظام پر بریفنگ دی۔ عامر سہیل نے اکیڈمی میں موجود جدید سہولیات اور زیر تعمیر بائیو مکینکس لیب کا معائنہ بھی کیا۔
عامر سہیل نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے عزم اور کرکٹ کی بہتری کے لیے وسائل کی فراہمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مطلوبہ سہولیات اب دستیاب ہیں اور پی سی بی کی جانب سے جدید سہولیات پر سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے پر ہونے والی اس سرمایہ کاری کے نتائج اب کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی نظر آنے چاہئیں، اور کھلاڑیوں کی تربیت پر مامور افراد کا اپنے شعبوں میں ماہر ہونا ضروری ہے۔
سابق کپتان نے زیر تعمیر بائیو مکینکس لیب کو کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں دور کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مفید قرار دیا۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مرتب کردہ پروگرامز کو حوصلہ افزا بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی مضبوط بنیاد کے لیے کلب اور سکول کرکٹ پر مسلسل توجہ ناگزیر ہے۔ عامر سہیل نے پی سی بی کی جانب سے سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے آغاز کو مثبت قدم قرار دیا اور تجویز دی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے سکولوں میں سال بھر کرکٹ سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔
