کرک اگین رپورٹ ۔ ایشین گیمز کرکٹ سیمی فائنلز کل،جاپان سے گڈ نیوز،پاکستان بنگلہ دیش سے پہلے ہار چکا ۔
کرکٹ کی بریکنگ نیوز ۔ ایشین گیمز 2026ء میں مینز کرکٹ کے سیمی فائنل کا بڑا دن آ گیا ہے۔ جاپان میں اب تک بارشوں سے متاثرہ کرکٹ میچوں کی تعداد آدھے درجن سے زائد ہو چکی ہے، لیکن کرکٹ کی تازہ ترین خبریں ہیں کہ جمعرات یکم اکتوبر کو جاپان میں کرکٹ وینیو پر سورج نکلے گا اور بارش کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کی اس پیشگوئی کے بعد اب دونوں سیمی فائنل میچز آسانی سے مکمل ہونا ممکن دکھائی دیتے ہیں۔ حتمی صورتحال وقت آنے پر ہی معلوم ہوگی۔
پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے شروع ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کھیلا جائے گا۔ ان مقابلوں کی فاتح ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، مگر میدان میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
اگر ایشین گیمز کرکٹ کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک اس ایونٹ میں صرف ایک میچ ہوا ہے۔ گزشتہ ایشین گیمز، جو 2022ء میں شیڈول تھیں مگر 2023ء میں منعقد ہوئیں، اس کے تیسری پوزیشن (کانسی کے تمغے) کے میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں بارش کے باعث پانچ اوورز فی اننگ والے میچ میں پاکستانی ٹیم یہ اہم مقابلہ ہار گئی تھی۔ مجموعی طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کھیلے گئے 26 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو پاکستان کو واضح سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے 21 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بنگلہ دیش صرف پانچ میچز جیت سکا ہے۔
دوسری جانب بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ لیکن چونکہ یہ کرکٹ ہے اور یہاں کچھ بھی ممکن ہے، اس لیے شائقین کو دونوں سیمی فائنلز میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
