چندی گڑھ ۔کرک اگین رپورٹ ۔ بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آخرکار تیسرے ون ڈے میں شکست،بریکنگ نیوز۔
جو کام پاکستان نہ کر سکا وہ ویسٹ انڈیز نے کر دکھایا اور کمال کی بات یہ ہے کہ اسی دن کیا جس دن پاکستان کو ایشین گیمز مینز کرکٹ کے فائنل میں روایتی حریف سےشکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وقت کی کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ انتہائی ناقابل یقین انداز میں پانچ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا ہے۔
مہمان ٹیم کے کپتان شاہی ہوپ نے 150 پلس رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیل کر اس فتح میں مرکزی کردار ادا کیا، اور اس طرح وہ اپنی ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کی ہزیمت سے بچانے میں کامیاب رہے۔
آج کی اس کرکٹ کی تازہ ترین خبریں کے مطابق بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، حالانکہ گزشتہ دو میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز ہاری تھی اور ایک دفعہ تو 400 سے زائد رنز بنا کر بھی اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس کے باوجود بھارت نے پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے خود کشی ثابت ہوا۔
نیو چنڈی گڑھ کے میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ بھارت کی جانب سے اوپنر روہت شرما بدقسمت رہے جو 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ سب سے بڑی خبر یہ رہی کہ ویرات کوہلی آج پہلی ہی گیند پر صفر پر چلتے بنے۔ رتوراج گائیکواڈ نے 57 رنز کی اہم اننگز کھیلی، لیکن سب سے زبردست باری کے ایل راہول کی تھی جنہوں نے محض 87 گیندوں پر سنچری جڑتے ہوئے 129 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیدن سیلز نے 10 اوورز میں 62 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کیمو پال نے 71 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں 352 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز کچھ خاص اچھا نہیں تھا اور پہلی وکٹ 41 رنز پر گر گئی جب جان کیمبل 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان شائی ہوپ اور عامر جنگو نے دوسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، عامر جنگو 56 گیندوں پر 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں شیمرون ہیٹمائر نے 24 اور کیمو پال نے 44 رنز کا تعاون پیش کیا، جبکہ آخر میں گڈاکیش موٹی 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لیکن اصل ہیرو کپتان شاہی ہوپ رہے جنہوں نے 143 گیندوں پر 17 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 162 رنز کی دلکش اور ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یہ ان کے کیریئر میں دوسری بار ہوا ہے کہ انہوں نے 150 پلس اسکور بنایا ہو۔ ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 10 گیندیں قبل 48.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، جو کہ بھارت میں بھارت کے خلاف 6 سال کے طویل عرصے کے بعد ان کی پہلی کامیابی ہے۔ بھارت کا کوئی بھی بولر ایک سے زائد وکٹ حاصل نہ کر سکا اور سب کی جم کر دھلائی ہوئی۔ اگرچہ ویسٹ انڈیز نے یہ آخری میچ جیتا لیکن تین میچوں کی یہ ون ڈے سیریز بھارت نے 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔
