کیپ ٹاؤن۔کرک اگین رپورٹ ۔
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا تیسرا دن جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کے لیے یاد رکھا جائے گا، وہی اسٹیڈیم میں پیش آنے والے ایک دلچسپ اور عجیب و غریب واقعے نے سب کی توجہ میچ سے ہٹا کر ہنسی مذاق کی طرف موڑ دی۔ کرکٹ کی تازہ ترین خبر اور کرکٹ بریکنگ نیوز ہے۔
لائیو میچ کے دوران اس وقت ایک بڑا ڈرامہ دیکھنے کو ملا جب اسٹیڈیم میں موجود ایک کرکٹ فین نے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز ریان ریکلٹن کے لیے ایک ایسا پلے کارڈ لہرایا جس نے کھلاڑی کو گراؤنڈ کے بیچوں بیچ شرمندگی اور حیرت میں مبتلا کر دیا۔
واقعہ کچھ یوں تھا کہ آسٹریلوی اننگز کے دوران کیمرہ مین کی نظریں تماشائیوں میں موجود ایک منچلے فین پر پڑیں، جس نے ہاتھ میں ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا۔ اس کارڈ پر انگریزی میں بڑے بڑے حروف میں لکھا تھا، “ریان ریکلٹن، کیا آپ کی ممی سنگل ہیں؟” (Ryan Rickelton, Is your mom single?)۔ بات صرف پلے کارڈ تک ہی محدود نہیں رہی، بلکہ وہ فین لائیو کیمرے کے سامنے آتے ہی اپنی مستی میں مگن ہو گیا، اس نے بار بار ہاتھ سے دل کا اشارہ کیا، آنکھ ماری اور افریقی کرکٹر کی طرف پیار بھرے اشارے بھیجنے لگا۔
جب گراؤنڈ کی بڑی اسکرین پر یہ پورا منظر لائیو دکھایا گیا تو ریان ریکلٹن نے خود کو اسکرین پر دیکھا۔ فین کی اس عجیب و غریب اور غیر متوقع فرمائش پر ریکلٹن نے ناپسندیدگی اور ہلکی سی شرمندگی کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ اپنا سر ہلایا، گویا وہ سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ اس صورتحال پر کیا ردعمل دیں۔
دوسری طرف، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹرز اس صورتحال کو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور مائیک پر قہقہوں کی گونج سنائی دی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اگر میچ کی صورتحال پر بات کی جائے تو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن لنچ بریک تک آسٹریلوی ٹیم نے پوزیشن کافی مضبوط کر لی تھی۔ کینگروز نے اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بورڈ پر سجا دیا تھا، جس کی بدولت انہیں میزبان ٹیم پر اہم برتری بھی حاصل ہو چکی ہے۔ جہاں پچ پر باؤلرز اور بیٹرز کی جنگ جاری ہے، وہیں اسٹینڈز میں موجود فینز نے اس ٹیسٹ کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔
