ملتان ۔حافظ محمد عمران عثمانی
نیشنل چیمپئنز کپ؛ پاکستان بلیوز کا ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ، نیا سلسلہ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں
البطل پروڈکشنز کے تعاون سے ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری یونیورسٹی آف لاہور نیشنل چیمپئنز کپ کے تیسرے میچ کا باقاعدہ ٹاس ہو گیا ہے۔ اس اہم مقابلے میں البطل پروڈکشنز پاکستان بلیوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یونیورسٹی آف لاہور پاکستان وائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ٹورنامنٹ کے اس سیزن میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ٹاس جیتنے والی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں میچوں میں ٹاس جیتنے والی ٹیموں نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ان دونوں ہی میچوں میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اسی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے پاکستان بلیوز کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے اس بار روایت کو توڑا ہے اور ہدف کے تعاقب کو ترجیح دی ہے۔
ملتان کا موسم اور کھیل کی تازہ ترین صورتحال
ٹاس کے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور اب تک کھیلے گئے ابتدائی دو اوورز کے اختتام پر بیٹنگ کرنے والی ٹیم پاکستان وائٹس نے بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنا لیے ہیں۔ اس وقت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں موسم کی صورتحال کافی دلچسپ اور بدلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ آسمان پر بادل ہیں اور تیز دھوپ غائب ہو چکی ہے، لیکن پہلی دھوپ کے باوجود ملتان کی روایتی گرمی اور شدید حبس کا ماحول برقرار ہے جس سے کھلاڑیوں کا کڑا امتحان جاری ہے۔ اگرچہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی باقاعدہ کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے، لیکن اسٹیڈیم کے اوپر بادلوں کی موجودگی کے باعث مطلع ابر آلود ہے اور بارش کا امکان دکھائی دے رہا ہے۔
پاکستان بلیوز کی الیون اور اسکواڈ
ہیڈ کوچ اعزاز چیمہ اور مینیجر قاسم علی پراچہ کی زیرِ نگرانی میدان میں اترنے والی پاکستان بلوز کی فائنل الیون میں کپتان صاحبزادہ فرحان، معاذ احمد صداقت، محمد فائق، طیب طاہر، روحیل نذیر، عرفات منہاس، عرفان خان نیازی، حسن علی، احمد دانیال، سفیان مقیم اور عاکف جاوید شامل ہیں۔ متبادل کھلاڑیوں کے طور پر محمد سلمان، تیمور خان اور مبصر خان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
