ڈھاکا۔کرک اگین رپورٹ۔ڈھاکا ٹیسٹ ہاتھوں سے نکلنے کے قریب،بارش اور بنگلہ دیش آڑے آگئے۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل مہم کو ایک اور دھچکا لگنے والا ہے ۔بنگلہ دیش جیسی نسبتا کمزور حریف ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کا موقع ہاتھ سے جا رہا ہے ۔کھیل کا چوتھا روز بارش سے متاثر ہوا اور اچھے خاصے اوور ضائع ہوئے، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ابھی بھی پچ سنبھالے موجود ہے اور اس کی مجموعی برتری 179 رنز کی ہو گئی ہے اور سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
کھیل کے چوتھے روز جب اننگ شروع ہوئی تو بنگلہ دیش کو پہلی اننگ کی طرح اس کے دونوں اوپنرز جلد دعا دے گئے ۔محمودالحسن جوئے 5 رنز بنا کر محمد عباس کے ہاتھوں ایل بی ہوئے۔بلے باز قدرے بدقسمتی کا شکار بھی تھے۔شادمان اسلام پہلی اننگز کی طرح اس بار بھی حسن علی کا شکار بنے۔ ان کا کیچ سعود شکیل نے لیا ۔وہ 10 رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش 23 پر دو وکٹ گنوا چکا تھا اور یہ بالکل پہلی اننگ کا ری پلے تھا، جب 31 پر اس کے یہی دو کھلاڑی گئے تھے ۔ پہلی اننگز کی طرح تیسری وکٹ پر کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو ریسکیو کیا اور یہ بتایا کہ پاکستان کا پیس اٹیک بالکل بے ضرر اور غیر موثر ہے ۔دونوں نے سکور آہستہ آہستہ اگے بڑھایا ۔ یک دم بارش اور طوفان نے کھیل روک دیا ،اسوقت بنگلہ دیش 93 رنز 2 وکٹ تھا۔پہلے سیشن کا کچھ کھیل ضائع ہوا۔ دوسرا سیشن مکمل ختم ہوا ۔اخری سیشن میں جب امپائرز نے انسپیکشن کے بعد کھیل دوبارہ شروع کیا تو یہ کہا گیا کہ 37 اوورز کم سے کم ہوں گے لیکن وقت سے پہلے ہی کھیل کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنا پڑا اور دن کا اختتام کرنا پڑا۔ اس وقت بنگلہ دیش کا سکور 152 رنز تھا اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کو تیسری کامیابی 128 کے ٹوٹل پر ملی جب مومن الحق شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ انہوں نے 56 رنز بنائے ۔120 گیندوں کا سامنا کیا اور انہوں نے کپتان کے ساتھ مل کر 105 رنز کی شاندار شراکت بنائی۔ پاکستان کو اس کامیابی سے بھی کوئی فائدہ نہ ہوا مشفیق الرحیم آئے اور آخر تک ڈٹے رہے ۔وہ 16 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور نجم الحسن شانتو 58 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ،محمد عباس اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔کل کھیل کا پانچواں اور آخری دن ہے ۔بنگلہ دیش کو 179 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ ابھی سات وکٹیں باقی ہیں اور کل بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔
