دبئی / بالی۔کرک اگین رپورٹ ۔عالمی کرکٹ کے ایوانوں سے سامنے آنے والی کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم ترین اجلاس کا سلسلہ انڈونیشیا کے شہر بالی میں جاری ہے۔ بدھ کے روز شروع ہونے والا یہ اہم اجلاس اتوار تک جاری رہے گا، جس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل، ون ڈے فارمیٹ، براڈکاسٹنگ معاملات اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے سمیت کئی بڑے اور دور رس فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان 2027 سے 2031 تک کے فیوچر ٹور پروگرام کو حتمی شکل دینا بھی شامل ہے، جس کے تحت تمام ٹیموں کی ایک دوسرے کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور دیگر کرکٹ سرگرمیوں کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
کرکٹ کی تازہ ترین خبریں اور باخبر ذرائع کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 12 ٹیموں کو شامل کرنے کی جو تجویز زیرِ غور تھی، وہ 2027 سے 2029 کے سائیکل میں عملی شکل اختیار کرتی نظر نہیں آ رہی۔ تاہم، اس سائیکل میں ٹیموں کی تعداد 9 کے بجائے 10 کیے جانے کا قوی امکان ہے، جس کے تحت زمبابوے کو دسویں ٹیم کے طور پر شامل کیا جا سکتا ہے، جبکہ آئرلینڈ اور افغانستان فی الحال اس دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2029 سے 2031 کے اگلے سائیکل میں اس چیمپئن شپ کو 12 ٹیموں تک وسعت دی جا سکتی ہے۔
بالی میں جاری اس اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے مستقبل پر بھی تفصیلی غور و خوض ہوگا، جہاں دو طرفہ (باہمی) ون ڈے سیریز کی تعداد کم کرنے کی تجاویز زیرِ بحث آئیں گی۔ دوسری جانب شائقینِ کرکٹ کے لیے اہم خبر یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی کرکٹ سیریز کی بحالی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے اور دونوں روایتی حریفوں کے مقابلوں کا سلسلہ موجودہ طریقہ کار کے تحت ہی جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ آئی سی سی اپنے ایک بڑے ایونٹ کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی کوشاں ہے، جس پر اجلاس کے دوران اہم مشاورت متوقع ہے۔
