ڈربن،کرک اگین رپورٹ
ذکا اشرف اور جے شاہ میں اہم ملاقات،ایشیاکپ اور ورلڈکپ پر اپ ڈیٹ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی اہم ترین ملاقات ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔اس ملاقات میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2023 کے شیڈول پر حتمی تبادلہ خیال ہوا ہے۔
معلوم ہواہے کہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ 2023 کے ابتدائی میچز کے دوران دورہ پاکستان کی دعوت دی،جو قبول کرلی گئی ہے ۔اسی طرح ذکا اشرف نے بھی ورلڈکپ میچز کیلئے بھارت کی جانب سے دورہ بھارت کی دعوت قبول کی ہے۔دونوں ممالک میں باہمی کرکٹ سیریز شروع کرنے پر بھی بات ہوئی ہے۔
ڈربن میں جاری آئی سی سی بورڈز میٹنگ کی سائیڈ لائن پر ہونے والی اس ملاقات میں آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے شیڈول یا پاکستان کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کئے جانے کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
اس سےقبل بھارتی میڈیا یہ رپورٹ کررہا تھا کہ پی سی بی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا ایشو اٹھائیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔
ورلڈکپ 2023 ٹکٹوں کی فروخت شروع،کولکتہ میں پاکستان کے 2 میچز کیلئے قیمت جانیئے
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی اور شیڈول کے مطابق میچزکھیلے گی۔حکومت پاکستان نے اگر کچھ مسائل پر بات کی تو ایک سکیورٹی وفد کو بھارت روانگی کا پروانہ جاری ہوگا۔اس کے بعد بظاہر میچزاپنے وقت پر ہونگے۔
ایشیا کپ 2023 کے ابتدائی 4 میچز پاکستان اور باقی 9 میچز سری لنکا میں ہونگے۔