لندن ۔کرک اگین رپورٹ۔
سابق پاکستانی فاسٹ بائولر محمد عامر کے حوالے سے قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ مستقبل میں انگلینڈ کے شہری کی حیثیت سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی کا حصہ بنیں گے۔
پاکستان کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے 34 سالہ کرکٹر اب مستقل طور پر برطانیہ میں مقیم ہیں اور برطانوی شہریت حاصل کر چکے ہیں
۔
دوسری جانب محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ڈرافٹ کے لیے بھی اپنا نام رجسٹر کروا دیا ہے، جس کا انعقاد دبئی میں ہونے جا رہا ہے۔ اگرچہ ڈرافٹ کی دستاویزات میں ان کی رہائش گاہ برطانیہ درج ہے، لیکن شہریت اب بھی پاکستانی ہی لکھی گئی ہے۔ لیگ انتظامیہ نے انہیں سب سے مہنگی یعنی ‘پلاٹینم’ کیٹیگری میں شامل کیا ہے۔ عامر کے علاوہ بھارت کے سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں وجے شنکر اور کے ایس بھرت نے بھی اس ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، جو حال ہی میں آئی پی ایل سمیت ہر طرح کی مسابقتی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں۔
جہاں تک آئی پی ایل کا تعلق ہے، تو برطانوی پاسپورٹ کی بدولت محمد عامر کے لیے بھارت کی اس میگا لیگ میں کھیلنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ کرکٹ کی تاریخ میں اس کی پہلے بھی ایک مثال موجود ہے جب پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی کے باوجود، سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے برطانوی شہریت کی بنیاد پر 2012 سے 2015 کے دوران کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی۔
