سڈنی۔کرک اگین رپورٹ آسٹریلیا کے 7 سابق کپتانوں کی عمران خان کے لئے نئی کوشش۔
آسٹریلیا کے 7 سابق کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مایہ ناز آل راؤنڈر عمران خان کے حق میں ایک نئی کوشش کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ سے رابطہ کیا ہے ۔تازہ ترین بریکنگ نیوز کے مطابق خط لکھ کر عمران خان کی حراست اور انسانی حقوق کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ کو لکھے گئے اس خط پر دستخط کرنے والوں میں ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، بلینڈا کلارک، کم ہیوز، مارک ٹیلر اور اسٹیو وا شامل ہیں۔ آسٹریلوی کپتانوں نے خط میں واضح کیا ہے کہ وہ کسی سیاسی شخصیت کے طور پر نہیں بلکہ سابق کپتانوں کی حیثیت سے لکھ رہے ہیں اور اس ناطے آواز اٹھانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ عمران خان کی سیاست یا ان کے خلاف سیاسی مقدمات پر کوئی بات نہیں کر رہے کیونکہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، بلکہ ان کا مقصد حراست میں موجود کسی بھی شخص کے ساتھ رکھے جانے والے سلوک سے ہے اور وہ اسے بنیادی انسانیت کا معاملہ سمجھتے ہیں۔
عمران خان کے حق میں بین الاقوامی کرکٹرز کی یہ تازہ ترین اپیل ہے، اس سے قبل بھی عالمی سطح پر ان کے لیے آوازیں اٹھائی جا چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ ہی دنیا کے 22 سابق کپتانوں نے پاکستان کے وزیراعظم کو اس حوالے سے خط لکھا تھا، جبکہ اس سے پہلے فروری میں بھی 14 کپتانوں نے پاکستانی وزیراعظم کو خط ارسال کیا تھا۔ اسی دوران گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد،وسیم اکرم اور رمیز راجہ بھی عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کی حالت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
